جموں//ریاست میں صدارتی راج کے نفاذ کے بعد گورنر ستیہ پال ملک نے چیف سیکرٹری اور دیگر انتظامی سیکرٹریوں کو وزراء کے اختیارات تفویض کر دئیے ۔ گزشتہ روز حکومت کی طرف سے جاری آرڈر نمبر 1830 GAD of 2018کے مطابق صدارتی حکمنامہ GSR 1224 (E) مورخہ 19 دسمبر2018اور جموں کشمیر گورنمنٹ بزنس رول 5کے تحت گورنر نے اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے چیف سیکرٹری اور 8انتظامی سیکرٹریوں کو یہ اختیارات دئے ہیں۔ چیف سیکرٹری کو فائنانس، ٹرانسفر و پوسٹنگ، ڈیپوٹیشن ، سروس رول میں مراعت دینے، بھرتی رولز میں ترمیم ،رضاکارانہ ریٹائر منٹ کے بارے میں فیصلہ وغیرہ کے کلی اختیارات سونپ دئیے گئے ہیں ۔اس کے علاوہ پلاننگ ڈیولپمنٹ مانیٹرنگ، ریونیو، اعلیٰ تعلیم، لیبر اینڈ ایمپلائمنٹ، فوڈ اینڈ سپلائز ، سکول ایجوکیشن ، قانون انصاف و پارلیمانی امور کے سیکرٹریوں کو بھی اپنے اپنے محکمہ کے لئے وزراء کے اختیارات تفویض کئے گئے ہیں۔