جے کے این ایس
سرینگر//اولڈ ٹاؤن بارہمولہ کے عوام نے اربن پرائمری ہیلتھ سینٹر (UPHC) میں بنیادی طبی سہولیات کی شدید کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔ لوگوں نے بتایاکہ عیدگاہ قدیم کے نزدیک واقع اربن پرائمری ہیلتھ سینٹر (UPHC) اولڈ ٹاؤن بارہمولہ اور اس سے ملحقہ علاقوں، جن میں توحید گنج، قاضی حمام، جامع محلہ، فقیر ونی، خواجہ صاحب، میر صاحب، جلال صاحب، سید کریم، بنگلہ باغ، باغِ اسلام، چشتی کالونی، اقبال کالونی، آرام پورہ، آزاد گنج، اسلامیہ پارک، اسٹیڈیم کالونی، گلنار پارک اور دیگر علاقے شامل ہیں، کے ہزاروں مکینوں کیلئے قائم کیا گیا تھا تاکہ انہیں بنیادی طبی سہولیات مقامی سطح پر دستیاب ہو سکیں۔عوام کا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ صحت مرکز روزانہ صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک کھلا رہتا ہے، تاہم کئی اہم طبی وتشخیصی سہولیات غیر فعال ہونے کے باعث مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اسپتال میں ایکس رے مشین موجود ہونے کے باوجود فعال نہیں ہے، جبکہ الٹراساؤنڈ کی سہولت بھی ڈاکٹر کی عدم دستیابی کے باعث مؤثر طریقے سے فراہم نہیں کی جا رہی ہے۔اسی طرح ڈینٹل چیئر موجود ہے، لیکن ڈینٹل ایکس رے کی سہولت دستیاب نہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ اسپتال میں میڈیسن اسپیشلسٹ (ایم ڈی فزیشن) تعینات کیا جائے تاکہ مریضوں کو بہتر طبی خدمات فراہم کی جا سکیں۔مقامی افراد نے بتایا کہ (UPHC) اولڈ ٹاؤن بارہمولہ میں ایمبولینس تو موجود ہے، لیکن ڈرائیور نہ ہونے کی وجہ سے ضرورت کے وقت اس سے فائدہ نہیں اٹھایا جا سکتا۔ مزید برآں صفائی کے لئے صفائی کرمچاری کی عدم دستیابی بھی ایک سنگین مسئلہ بنی ہوئی ہے، جس سے اسپتال کے ماحول پر منفی اثر پڑ رہا ہے۔شہریوں کے مطابق ماضی میں اسپتال میں ڈاکٹروں کی ڈیوٹی باقاعدہ شیڈول کے مطابق ہوتی تھی، تاہم اب اس نظام میں بھی خلل پیدا ہو گیا ہے، جس سے مریضوں کو بروقت طبی امداد حاصل کرنے میں دشواری پیش آ رہی ہے۔ عوام نے انتظامیہ، سیکریٹری صحت اور دیگر متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ (UPHC) اولڈ ٹاؤن بارہمولہ میں تمام بنیادی سہولیات کو فوری طور پر فعال بنایا جائے، ضروری ڈاکٹروں اور عملے کی تعیناتی عمل میں لائی جائے.