سرینگر//صحت عامہ، آبپاشی و فلڈکنٹرول کے وزیر شیام لال چودھری نے تمام ترقیاتی پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل پر زور دیا ہے ۔ انہوں نے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ لوگوں کو ماہ رمضان کے دوران بہتر سہولیات بہم رکھیں۔وزیر موصوف نے یہ ہدایات کل کشمیر صوبے میں متعلقہ محکموں کی طرف سے ہاتھ میں لئے گئے پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کی غرض سے منعقدہ ایک میٹنگ کے د وران دیں۔چیف انجینئر پی ایچ ای کشمیر، چیف انجینئر آبپاشی و فلڈکنٹرول اور دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے وزیر نے افسروں پر زور دیا ہے کہ وہ کاموں کی معیاد بند مدت کے اندر تکمیل کویقینی بنانے کے لئے اپنی افرادی قوت اور مشینری کو متحرک کریں ۔ میٹنگ میں بتایاگیاکہ کشمیر وادی میں پی ایچ ای سیکٹر کے تحت 1124.15کروڑ روپے کی لاگت والی 357سکیمیں ہاتھ میں لی گئی ہیںجن میں سے 52سکیمیں مکمل کی جاچکی ہیں۔وزیرنے رنبیر کنال ، راوی توی اریگیشن کنال و دیگر جموں صوبے کی نہروں سے ڈیسلٹنگ کے کاموں میں سرعت لانے کی ہدایت دی تاکہ آبی خائروں میں پانی کی دستیابی میں اضافہ ہو ۔انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ آپسی اتحاد کے ساتھ کام کریں تاکہ ڈیسلٹنگ اور مرمت کے کام وقت پر مکمل کئے جاسکیںاور کسانوں و مقامی آبادی کو کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔انہوں نے تمام پینے کے پانی کے کنکشنوں کو باقاعدہ بنانے کی ہدایت دی اور جموں صوبے میں بے کار پڑے ٹیوب ویلوں کی مرمت کی بھی ہدایت دی ۔وزیر کے ہمراہ متعلقہ محکموں کے سپر انٹنڈنگ انجینئر اور ایگزیکٹیو انجینئر بھی تھے۔