نئی دہلی//پریس کونسل آف انڈیا نے ایک انگریزی روزنامے کے صحافی کی پوچھ گچھ کرنے اور مبینہ فوجداری کارروائی کرنے کی دھمکی دینے پرتشویش کااظہار کرتے ہوئے پولیس کمشنر کو اس معاملے میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ایک بیان میں پریس کونسل نے کہادہلی پولیس کی طرف سے 9مئی کو شائع ایک خبر کے سلسلے میں روزنامہ انڈین ایکسپریس کے نمائندہ خصوصی کی پوچھ گچھ کرنے اور ان کے خلاف فوجداری کارروائی کرنے کی مبینہ دھمکی دینے پر تشویش کااظہار کیا ہے۔ پریس کونسل نے بیان میں کہا کہ یہ معاملہ ذرائع ابلاغ کے آزادانہ کام کاج کومتاثر کرتا ہے لہذاپولیس کمشنر دہلی سے حقائق کے بارے میں رپورٹ طلب کی جاتی ہے۔پریس کونسل آف انڈیا کایہ بیان ایڈیٹر س گلڈ کی طرف سے دہلی پولیس کی کارروائی کی مذمت کرنے کے ایک روزبعد آیا ہے۔10مئی کو دہلی پولیس نے مہندرسنگھ منرال نمائندہ خصوصی انڈین ایکسپریس کو ایک نوٹس بھیجا ،جس میں صحافی جس نے تبلیغی جماعت کے رہنما مولاناسعد کی آڈیو کلپ کے ساتھ ممکنہ چھیڑ چھاڑکی اطلاع دی تھی ،کو پولیس تحقیقات میں شامل ہونے کو کہا گیا تھا۔ منرال کے خلاف اگرچہ کسی الزام میں کیس درج نہیں کیاگیاتھا لیکن انہیں متنبہ کیاگیا تھا کہ اگر وہ پولیس تحقیقات میں شامل نہیں ہوئے تو ان کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ174کے تحت کارروائی کی جاسکتی ہے۔