عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر / /جموں کشمیر میں صارفین تک بغیر کسی رکاوٹ کے راشن کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے انتظامیہ نے سال 2027تک ’ ای راشن کارڈ‘ متعارف کرانے کا منصوبہ بنایا ہے جبکہ راشن کولے جانے والی گاڑیوں میں جی پی ایس سسٹم بھی نافذ کیا جائے گا ۔ جموں و کشمیر انتظامیہ سال 2027 تک ’ای راشن ‘کارڈ متعارف کرانے کا منصوبہ بنا رہی ہے تاکہ بغیر کسی رکاوٹ کے خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے اور دھوکہ دہی کے امکانات کو کم کیا جا سکے۔یہ پہل وکست جموں کشمیر 2047 کے پانچ سالہ اپروچ پلان کے ایک حصے کے طور پر کارکردگی، شفافیت اور صارفین کی اطمینان کو بڑھانے کیلئے ٹیکنالوجی پر مبنی اقدامات کے سلسلے میں سے ایک ہے۔حکام کے مطابق محکمہ خوراک، شہری رسدات اور امور صارفین نے آپریشنز کو ڈیجیٹائز کرنے اور خدمات کو ہموار کرنے کیلئے ایک پرجوش منصوبہ شروع کیا ہے۔
ان میں سے ایک نئی موبائل ایپ بھی شامل ہے تاکہ عین وقت پر محکمہ اور اس کی خدمات کے بارے میں جامع معلومات فراہم کی جاسکیں اور مستفید ہونے والوں کو بااختیار بنایا جا سکے۔مواصلات کو مضبوط بنانے اور کیش لیس لین دین کو فروغ دینے کیلئے محکمہ موبائل نمبروں کو راشن کارڈ کے ساتھ مربوط کررہا ہے اور ادائیگیوں کیلئے بینک اکاؤنٹس کے استعمال کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے۔ محکمہ فیئر پرائس دکانوں میں پوائنٹ آف سیل ڈیوائسز کو بھی اپ گریڈ کیا جارہا ہے اور کمیونٹی سروس سینٹروں کے ساتھ خدمات کو مربوط کر رہا ہے جو FPS کو مزید متحرک بنائے گا تاکہ مختلف دکانوں کیلئے ون اسٹاپ شاپ کے طور پر کام کیا جا سکے۔ اس نے مزید کہا کہ حکومت اپنے شہریوں کیلئے بہتر غذائیت کو یقینی بنانے کیلئے پورے خطے میں PDS کے ذریعے مضبوط چاول تقسیم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔