سرینگر//شیخ کالونی باچھی دروازہ مخدوم صاحب میں آگ کی ایک بھیانک واردات میں 7 رہائشی مکانات اوران میں موجود لاکھوں روپے مالیت کا گھریلو سامان مکمل طورپر خاکستر ہوگیا جبکہ درجنوں غریب کنبے کھلے آسمان کے نیچے آگئے۔ منگل بعد دوپہر3 بجے مخدوم صاحب میںباچھی دروازہ علاقہ میں شیخ کالونی میں اچانک ایک مکان سے آگ نمودارہوئی جس نے آناًفاناًنزدیکی رہائشی مکانوں کوبھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔عین شاہدین نے بتایاکہ آگ نمودارہوتے ہی اس بستی میں ہوکاعالم بپاہوا، اور خواتین و بچوں کی چیخ وپکارکے بیچ لوگ اس آگ پر قابو پانے کی کوشش کرنے لگے لیکن وہ ہاتھ ملتے ہی رہ گئے کیونکہ فائرسروسز گاڑیوں اور عملہ کی آمد تک شعلوں نے کئی رہائشی مکانات اور ڈھانچوں کواپنی لپیٹ میں لے لیاتھا۔ بتایاجاتاہے کہ شیخ کالونی میں لگی آگ کے شعلے دور دورتک دکھائی دے رہے تھے۔ محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کو اسکی اطلاع دی گئی تو آگ بجھانے کیلئے مخصوص کئی گاڑیاں اور متعلقہ اہلکار یہاں پہنچ گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک درجن سے زیادہ فائر سروسز گاڑیوں ،متعلقہ اہلکاروں اور مقامی نوجوانوں نے آگ بجھانے اور لوگوں کو بچانے کی کارروائی میں حصہ لیا جبکہ لگ بھگ تین گھنٹے میں یہاں آگ پرقابوپایاگیا۔فائرسروسزمحکمہ کے ذرائع نے بتایاکہ کافی کوششوں کے بعدآگ پرقابوپالیاگیالیکن تب تک7رہائشی مکانات مکمل یاجزوی طورخاکسترہوچکے تھے اوربیشترمکانات کے اندرموجودگھریلوسامان بھی جل کرراکھ کے ڈھیرمیں تبدیل ہوگیا۔اُدھرپولیس ذرائع نے بتایاکہ آگ نمودارہونے کی اطلاع ملتے ہی نزدیکی پولیس تھانے کی ٹیم بھی یہاں پہنچ گئی تاکہ بچائوکارروائی میں مدددینے کیساتھ ساتھ آگ پربھی جلدقابوپایاجاسکے ۔انہوں نے کہاکہ آگ نمودارہونے کی وجوہات کاپتہ لگایاجارہاہے لیکن ابھی یہ واضح نہیں کہ آخر رہائشی بستی میں آگ کیسے نمودارہوئی ۔ معلوم ہوا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ سے درجنوں کنبے بے گھر ہو گئے ہیں اور وہ کھلے آسمان تلے زندگی بسر کرنے پر مجبور ہو گئے۔محکمہ فائر اینڈ ایمر جنسی سروسز کا کہنا ہے کہ آ گ سے ہوئے نقصان کا فوری تخمینہ لگانا ممکن نہیں اور مکمل جائزہ لینے کے بعد ہی کوئی حتمی رائے قائم کی جاسکتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجہ فوری طور معلوم نہیں ہوسکی ہے۔