سرینگر//میر واعظ جنوبی کشمیر قاضی یاسر نے حالیہ ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر وادی کو جیل میں تبدیل کر کے لوگوں کو روز بہ روز قتل کیا جاتا ہے ۔جامع مسجد اسلام آباد (اننت ناگ )میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے قاضی یاسر نے کہا کہ کالے قوانین جن میں افسپا اور دیگر قوانین شامل ہیں کے بغیر بھی فورسز اہلکار لوگوں کو ڈھونڈ کر قتل کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس بات سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ہلاکتوں کیلئے تحقیقات کا اعلان تو کیا جاتا ہے لیکن تحقیقات میں کبھی بھی کچھ سامنے نہیں لایا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ فورسز کشمیریوں کو ڈھونڈ کر قتل کرتے ہیں اور دوسری جانب امن اور بات چیت کا راگ الاپتے ہیں جس کی وجہ سے کشمیری لوگ اب بات چیت کو بھی شک کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پیلٹ کا بے تحاشہ استعمال جاری ہے حالانکہ اُس کے استعمال پرانسانی حقوق کی تنظیموں اور بین الاقوامی برادری نے بھی سوال کھڑے کئے ہیں ۔انہوں نے اس دوران سرجان برکاتی کو رہا کرنے کے ساتھ ساتھ شوپیاں اور کپوارہ میں ہوئی دو خواتین کی ہلاکت پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ۔بیت المقدس پر بین الاقوامی برادری کی جانب سے اختیار کئے گے رخ پر تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہم اُس کی حمایت کرتے ہیں جس میں مصر اور دیگر مسلم ممالک نے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف غصہ کا اظہار کیا ہے ۔