اشتیاق ملک
ڈوڈہ//ضلع کے مختلف حصوں میں مسلسل بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کے خطرے میں اضافے کے پیش ایس ایس پی ڈوڈہ سندیپ مہتا نے ضلع کے تمام پولیس افسران کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی ورچوئل میٹنگ کی صدارت کی جس دوران انہوں نے بارشوں اور خراب موسم کے پیش نظر کی گئی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ایس ایس پی نے فیلڈ کی سطح پر تیاریوں کا ایک جامع جائزہ لیا۔انہوں نے تمام ایس ایچ اوز اورپولیس چوکیوں کے انچارج کو ہدایت دی کہ وہ ہائی الرٹ پر رہیں اور کسی بھی متاثرہ فرد یا علاقے کو فوری امداد فراہم کریں۔ایس ایس پی ڈوڈہ نے کہا “شہریوں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔تمام افسران کو سول انتظامیہ کے ساتھ قریبی تال میل میں رہنا چاہیے اور خاص طور پر حساس اور دور دراز علاقوں میں مدد فراہم کرنے کے لیے ہر وقت تیار رہنا رہنا چاہیے‘‘۔ایس ایس پی کی طرف سے جاری کردہ اہم ہدایات میںلینڈ سلائیڈنگ اور پانی جمع ہونے سے متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر ریسکیو ٹیمیں تعینات کرنے، لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ رکھنے والی سڑکوں کی چوبیس گھنٹے گشت اور نگرانی کرنے،سیلاب سے متاثرہ اور غیر محفوظ گھروں سے رہائشیوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کرنا شامل ہیں۔ایس ایس پی نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ متعلقہ محکموں کی مدد سے ٹریفک کی نقل و حرکت کی فوری بحالی کو یقینی بنائیںاور زمینی صورتحال کے بارے میں پولیس کنٹرول روم (پی سی آر) کو باقاعدہ اپ ڈیٹس دیتے رہیں۔ایس ایس پی نےعوام کے لیے عارضی امدادی مراکز اور ہیلپ ڈیسک قائم کرنےضلعی انتظامیہ، ایس ڈی آر ایف، اور دیگر ایجنسیوں کے ساتھ مسلسل رابطہ برقرار رکھنے،معلومات اور ایڈوائزری کے لیے حساس علاقوں میں پبلک ایڈریس سسٹم نصب کرنے کی بھی ہدایت دیں.ایس ایس پی نے مزید افسران کو ہدایت کی کہ وہ متاثرہ افراد کو بروقت طبی امداد، پناہ گاہ، اور بنیادی ضروریات فراہم کریں اور کسی بھی لاپرواہی یا تاخیر سے گریز کریں۔پولیس افسران کو املاک کے نقصان، زخمی ہونے، یا نقل مکانی کے کسی بھی واقعے کو فوری طور پر دستاویزی شکل دینے اور رپورٹ کرنے کے لیے بھی کہا گیا ہے، تاکہ مربوط امداد اور معاوضے کی کوششوں کو آسان بنایا جا سکے۔