سرینگر//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے وادی کے مختلف علاقوں میں پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران 3 شہریوں کی ہلاکت کی سخت مذمت کی ہے ۔ ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ بارہا یہ بات کہتی آر ہی ہیںکہ شہری ہلاکتیں کسی کے مفاد میں نہیں لیکن اس عمل سے ہم ریاست کو غیر یقینیت اور تنائو کی صورتحال میں ڈال دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو ہلاک کرنے سے ہم کس کے مفادات کی پاسداری کرتے ہیں؟وزیر اعلیٰ نے اس عزم کو دہرایا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ ریاست جموںو کشمیر کو تشدد کے بھنور سے باہر نکالا جائے۔ انہوں نے سماج کے تمام طبقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں سے اپیل کہ وہ اس ضمن میں آگے آکر اپنا بھرپور رو ل ادا کریں۔واضح رہے کہ پچھلے 24گھنٹوں کے دوران نامعلوم بندو ق برداروں نے حاجن میںدو شہریوں جبکہ سوپور میں ایک شہری کو گولی مار کر ہلاک کر دیا ۔ وزیر اعلیٰ نے سوگوار کنبوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہا رکرتے ہوئے مارے گئے افراد کی ایصال ثواب کے لئے دعا کی ۔دریں اثنا وزیر اعلیٰ نے نور باغ سرینگر میں ایک پولیس گاڑی سے ایک نوجوان کی ہلاکت کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو ہدایت دی کہ وہ اس حادثے کا قانونی نوٹس لیں اور اس حادثے میں ملوث قصورواروں کو سزا دیں۔