عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//کشمیرچیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری نے شہرخاص میں سرینگر سمارٹ سٹی لمیٹیڈکے تحت شروع کئے گئے کچھ کاموںپرخدشات ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کئی برس قبل شہر کے پائین علاقے میں سڑکوں کو کشادہ کرنے کاکام ہاتھ میں لیاگیاتھااوراس کے تحت متعددڈھانچے منہدم کرنے کے علاوہ اراضی حاصل کی گئی تھی تاکہ شہرخاص میں ٹریفک کی نقل وحمل کو آسان بنایا جائے۔
صوبائی کمشنر کشمیر وجے کماربدھوری کے ساتھ جمعہ کوشہرخاص ٹریڈرس کے صدر بشیر احمدکینواورسینٹرل ٹریڈاینڈمینوفیکچررس ایسوسی ایشن کے صدرمشتاق احمدداریل نے کہا کہ سمارٹ سٹی کے تحت شہر میں کام شروع کئے گئے ہیں ،لیکن انہیں ٹھیک طرح سے تصورمیں نہیں ڈالاگیااوراس کے نتیجے میں شہر کی سڑکوں جنہیں کشادہ کرنے کی ضرورت ہے،کو مزیدتنگ بنایاجارہا ہے ، جوٹریفک کی بلا خلل نقل وحمل میں رکاوٹ بنیں گے۔ چیمبر صدر جاوید احمد ٹینگاکی قیادت میں وفد نے سمارٹ سٹی پروجیکٹ کاموں کاخیرمقدم کرتے ہوئے پائین شہر میں سڑکوں کی تعمیروتجدیدکے پروجیکٹ پرنظرثانی کرنے کی اپیل کی ۔وفدنے سمارٹ سٹی پروجیکٹ لمیٹڈکے حکام کی توجہ اس جانب مبذول کراتے ہوئے کہا کہ شہرکے پائین علاقوں میں سڑکوں کو کشادہ کرنالازمی ہے اورسمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت اس بات کوملحوظ نظررکھاجائے۔ صوبائی کمشنر نے اس موقعہ پرکہا کہ جس کسی بھی پروجیکٹ سے عام لوگوں کوفائدہ نہ ہو،اس پرنظرثانی کی جائے گی۔