سرینگر//پولیس نے شہر میں 30 تجارتی اداروں کو لاکھوں روپے کا چونا لگانے والے سرگرم جعلسازوں کے ایک گروہ کا پردہ فاش کیا ہے جس میں شامل 2افراد ایک خاتون کی مدد سے انٹرنیٹ پر انتہائی قیمتی الیکٹرانک آلات کی خریداری کیلئے فراڈ بنک چیک استعمال کرتے تھے۔پولیس نے دونوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے15موبائیل فون اور5ایل ای ڈی ٹی وی سمیت لاکھوں روپے مالیت کا سامان برآمد کیا۔ وادی کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے پولیس اسٹیشن رام منشی باغ میں متعدد تحریری شکایات درج کی تھیں جن میں بٹہ مالو سے تعلق رکھنے والے طاہر امین اور وحید احمد بٹ نامی دوافراد پر جعلسازی کا الزام عائد کیا گیا۔شکایت کنندگان نے پولیس کو بتایا کہ مذکورہ افراد انٹر نیٹ کا استعمال کرتے ہوئے OLX.COMجیسی ایپلی کیشنز کے ذریعے قیمتی اشیاء بالخصوص الیکٹرانک سامان کی خریداری کرتے تھے اور سامان فروخت کرنے والوں کے ہاتھوں میں فراڈ چیک تھما کر نو دو گیارہ ہوجاتے تھے۔ دونوں جعلساز بجلی کی تاروں، باتھ روم فٹنگ، وادی کے بڑے شورومز سے کپڑے وغیرہ خرید کر رقومات کی ادائیگی کیلئے متعلقین کو دھوکہ دیکرایکسیس بنک، سٹیٹ بنک آف انڈیا اور پنجاب نیشنل بنک کے فراڈ چیک دیا کرتے تھے ۔معاملے کی نسبت پولیس اسٹیشن رام منشی باغ میں ایف آئی آر زیر نمبر115/17زیر دفعہ420آر پی سی درج کرکے چھان بین شروع کی گئی۔ تحقیقات کے دوران پولیس جعلسازوں کے گروہ کو بے نقاب کرنے میں کامیاب ہوگئی۔دوران تفتیش پولیس کو یہ معلوم ہوا ہے کہ طاہر امین اور وحید احمد بٹ ، طاہر کی بیوی نصرت طاہر کی مدد سے یہ سرگرمیاں انجام دے رہے تھے اور تینوں گزشتہ چھ ماہ کے عرصے میں وادی بھر میں قریب30تجارتی اداروں کو لاکھوں روپے کا چونا لگاچکے ہیں ۔پولیس کا کہنا ہے کہ طاہر اور وحید کو گرفتار کرلیا گیا ہے او ر معاملے کی بڑے پیمانے پر مزید تحقیقات جاری ہے۔گرفتار شدگان سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان برآمد کیا گیا ہے جس میں مختلف اقسام کے 15انتہائی قیمتی موبائیل فون، 5ایل ای ڈی ٹی وی، بجلی تار کی بھاری مقدار، مائکیکرو ویو اووَن، جیگوار باتھ فٹنگ اور دیگر سامان شامل ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں مزید گرفتاریوں اور سامان برآمد ہونے کا امکان ہے۔