سرینگر//شہر خاص کے حبہ کدل میں منشیات کا تدارک کرنے کیلئے مقامی نوجوانوں نے پہل شروع کرتے ہوئے’’جم‘‘ کھول دیا۔مسل فیکٹری کے نام سے شروع کیا گیا یہ ورزش خانہ حبہ کدل کے شالیار علاقے میں اتوار کو مقامی نوجوانوں کی مشترکہ کاوش سے شروع کیا گیا ہے،تاکہ نوجوانوں کو منشیات اور دیگر خرافات کی لت سے دور رکھا جائے۔مذکورہ جم (ورزش خانہ)جدید سہولیات سے لیس ہے،اور اس میں مقامی علاقہ کے علاوہ نواحی علاقوں کے نوجوان اور لوگ بھی ورزش کی سہولیات سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیں۔ جم کو جدید سہولیات سے لیس کرنے اور اس مین تمام ورزش کے آلات نصب کرنے کیلئے قریب40لاکھ روپے کی رقم مقامی طور پر جمع کی گئی،جس کے بعد ان آلات کی خریداری کی گئی۔ جم کیلئے مقامی نوجوان یاسین احمد نے جگہ دستیاب رکھی ہے،جو کہ از خود قومی سطح کا باڈی بلڈنگ کھلاری رہ چکا ہے۔ ایک مقامی نوجوان نے بتایا کہ مشترکہ طور پر یہ پہل شروع کی گئی ہے،تاکہ نوجوانوں کو منشیات سے دور رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اہل علاقہ نے اس بات کو محسوس کیا کہ نوجوان طبقہ منشیات کی طرف مائل ہو رہا ہے،اور وہ بد عادات کی طرف جا رہے ہیں۔ مذکورہ نوجوان نے کہا کہ ہم کو اس بات کا خیال آیا اور بعد میں اپنی مالی حیثیت کو مد نظر رکھتے ہوئے مالی مدد فرہم کی۔انہوں نے کہا کہ سماج کو منشیات سے پاک رکھنے کیلئے یہ ایک رضاکارانہ پہل تھی۔ مقامی نوجوانوں نے بتایا کہ جم میں ساز و سامان کی خریداری پر قریب40لاکھ روپے خرچ ہوئے،جو مقامی طور پر جمع کیں گئے،اور کسی بھی بیرون شخص سے کوئی بھی مدد حاصل نہیں کی گئی۔انہوں نے کہا کہ اس جم کو مقامی لوگ ہی چلائے گئے،اور کوئی بھی اس میں ورزش کرسکتا ہے،جبکہ داخلہ کیلئے کوئی بھی رقم مقرر نہیں کی گئی ہے،جبکہ ہر کوئی اپنی استاعت کو مد نظر رکھتے ہوئے ماہانہ رقم ادائیگی کریں گا۔