سرینگر//وادی میں بجلی کی بدترین سپلائی پوزیشن پر موجودہ مخلوط حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے نیشنل کانفرنس نے کہا ہے کہ پی ڈی پی سرکار عوام کو راحت پہنچانے کی بجائے مزید مشکلات کے بھنور میں ڈال رہی ہے،ایک طرف بجلی کے بحران سے عوام کو جان بوجھ کر پریشان کیا جارہا ہے وہیں دوسری جانب لوگ پانی، راشن اور دیگر ضروریاتِ زندگی کی قلت سے دوچار ہیں۔ نیشنل کانفرنس کے لیڈر تنویر صادق نے شہر خاص کے زڈی بل کے مختلف علاقوں کے دورے کے دوران لوگوں کے ساتھ بات کی۔ مقامی آبادی نے بجلی کی نایابی اورپانی کی شدید قلت کے علاوہ بجلی فیس میں بے تحاشہ اضافے کے مسائل اجاگر کئے اور کہا کہ امسال بجلی کی بدترین صورتحال کا سامنا کرنا پڑ رہاہے۔ زڈی بل، سعیدہ پورہ نوشہرہ ،باغوان پورہ، لال بازار،کوکرباغ، نوشہرہ ،نالہ بل ، زونی مر، لرکھری پورہ، لال بازار اور مخدوم پورہ ، مدین صاحب کے علاوہ کئی علاقوں کے دورے کے دوران لوگوں نے انہیں جگہ جگہ بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کی شکایت کی۔ تنویر صادق نے حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ پی ڈی پی کے وزراء اور ممبرانِ اسمبلی نے وادی کے عوام کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے حکومت کو خبردار کیا کہ عوام کو درپیش مشکلات خصوصاً بجلی اور راشن کی قلت جنگی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ اور ساتھ ہی انتظامیہ پر زور دیا کہ عوام کو ضروری سہولیات میسر رکھی جائیں۔