سرینگر//انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے شگن پورہ بانڈی پورہ میں ایک مجلس عزا منعقد کی گئی ۔مجلس میں حضرت زینبؑ کی حیات مبارکہ کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالتے ہوئے واقعہ کربلا کو زندہ رکھنے اور اس کے پیغام کو عام کرنے پر زور دیا گیا۔مجلس سے خطاب کرتے ہوئے انجمن کے سربراہ آغا سید حسن نے تاریخ اسلام کی اس بے مثال خاتون کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ حضرت زینبؑ نے کوفہ وشام میں اپنے خطبوں کے ذریعہ تمام یزیدی منصوبوں پر پانی پھیر دیا ۔آغا حسن نے اُس پاکباز خاتون کے کردار کو مشعل ِ راہ بنانے کی تاکید کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ حضرت زینبؑ کی پاک زندگی سے یہ درس ملتا ہے کہ حالات چاہے کتنے ہی سنگین کیوں نہ ہوں ہمیں اپنے فرائض کی ادائیگی میں ذرہ برابر کوتاہی نہیں برتنی چاہئے۔