اونتی پورہ// لشکر طیبہ کمانڈر شوکت احمد ٹاک کو اتوار کی صبح اپنے آبائی علاقے پنجگام میں سپرد لحد کیا گیا جہاں ان کے نماز جنازے میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ نماز جنازہ میںجنگجو اچانک نمودار ہو ئے اور اسے سلامی دی۔شہر سرینگر کے چھتہ بل علاقے میں سنیچر کے روز اپنے دوساتھیوں کے ہمراہ فورسز کے ساتھ تصادم میںجاںبحق لشکر طیبہ کے 8سال سے سرگرم جنگجو شوکت احمد ٹاک ولد غلام حسن ٹاک ساکن پنجگام کی لاش گزشتہ رات دیر گئے قانونی لوازمات پورا کرنے کے بعد لواحقین کے سپرد کی گئی ۔ میت کو رات بھر گھر میں رکھنے کے بعد اتوار کی صبح گیارہ بجے کے قریب انکی تدفین انجام دی گئی جس میںمختلف علاقوں سے آئے ہوئے لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ جناز ہ میں چند جنگجوئوں پر مشتمل ایک گروپ اچانک نمودار ہوا جنہوں نے اپنے ساتھی کو سلامی پیش کی ۔