سرینگر //ڈاکٹرس ایسوسی ایشن کشمیر (ڈاک)نے سب ضلع اسپتال شوپیاں میں فورسز کی فائرنگ کی مذمت کی ہے۔ ڈاکٹرس ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر نثارالحسن نے کہا ہے کہ ان ناقابل بیان مظالم کو کسی بھی صورت میں تسلیم نہیں کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتوار کو فورسز اہلکاروں کی جانب سے سب ضلع اسپتال شوپیاں میں بلاجواز فائرنگ سے نہ صرف مریضوں کی حالت خراب ہوئی ہے بلکہ ڈاکٹر بھی صحیح طریقے سے کام کرنے سے قاصر رہے۔ ڈاکٹر نثار نے کہا کہ یہ سب کچھ اس وقت ہوا جب سب ضلع اسپتال شوپیاں میں ڈاکٹر زخمیوں کا علاج و معالجہ کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی وقت طبی سہولیات کو نشانہ بنانے کی کاروائی کو صحیح نہیں ٹھہرایا جاسکتا ہے۔