سرینگر// سالویشن مومنٹ چئیرمین ظفر اکبر بٹ نے شوپیان چلو پروگرام کے تحت درجنوں لیڈران و کارکنوں سمیت اپنی خانہ نظربندی کو توڑتے ہوئے شوپیان کی طرف مارچ کرنے کی کوشش کی مگر پولیس و فورسز کی بھاری جمعیت نے ظفر اکبر بٹ کو درجنوں کارکنوں و لیڈران سمیت گرفتار کیا۔ گرفتاری سے قبل وہاں موجود لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے بٹ نے کہا ہمارے نونہالوں، جگر گوشوں، پھول جیسے بچوں کو فورسز اپنی گولیوں کا نشانہ بنا رہے ہیں جو کہ انتہائی دردناک و تکلیف دہ ہے۔انہوں نے کہا کہ نئی دہلی ایک منصوبہ بند طریقہ و مکروہ عزائم، سازش و منصوبوں کے تحت یہاں کے نوجوانوں کو پرامن سیاسی سرگرمیوں سے جبری روک رہا ہے ۔ انہوں نے نئی دہلی کی قیادت کو مشورہ دیتے ہوئے کہا انسانی و اخلاقی اور جمہوری اقدار کو مدنظر رکھ کر طاقت و تشدد پر مبنی پالیسی کو فوری طور ترک کریں اور مسئلہ کشمیر کے دائمی و حتمی فیصلہ و حل کے خاطر مذاکراتی عمل فوراً سے پیشتر شروع کریں۔بیان کے مطابق سالویشن مومنٹ کے شوپیان چلو کال (مارچ ) اور بعد از نماز جمعہ پرامن مظاہروں کے پیش نظر پولیس نے ضلع شوپیان سے وابستہ درجنوں کارکنوں کو رات کی تاریکی میں گرفتار کر کے متعدد تھانوں میں مقید کیا تاہم امتیاز احمد، فاروق احمد، زبیر احمد اور درجنوں کارکنان تمام پابندیوں اور قدغنوں کے باوجود ، شوپیان پہنچنے میں کامیاب ہوئے ہیں انہوں نے عمر کمار اور حالیہ جاں بحق ہوئے نوجوانوں کے لواحقین سے دلی تعزیت پرسی اور یکجہتی کا اظہار کیا ۔