شوپیان//جنوبی ضلع شوپیان کے کچھڈورہ نامی گائوں میںجنگجوؤں نے دن دہاڑے فوج کی ایک پیٹرولنگ پارٹی پراندھا دھند فائرنگ کی۔تاہم گولیوں کے تبادلے میں کوئی نقصان نہیں ہوا۔سوموار کی دوپہر قریب 12بجے کئی گاڑیوں پر مشتمل 35آر آرکے کمانڈنگ آفیسر کا قافلہ چودھری گنڈ کیمپ کی طرف جارہا تھا اور جونہی یہ قافلہ کچھڈورہ میں ایک مواصلاتی کمپنی کے ایک ٹاؤر کے نزدیک پہنچ گیا تو گھات میں بیٹھے جنگجوؤں نے قافلے کو نشانہ بناتے ہوئے اندھا دھند فائرنگ کی۔جنگجوؤں کے ابتدائی حملے کے ساتھ ہی فوج نے بھی جوابی کارروائی کی ۔ طرفین کے مابین کچھ منٹوں تک فائرنگ کا شدید تبادلہ جاری رہا ۔تاہم کوئی نقصان نہیںہوا۔ البتہ شدید فائرنگ کے نتیجہ میںعلاقہ میںسراسیمگی پھیل گئی۔فائرنگ کا سلسلہ تھم جانے کے فوراً بعد فورسز نے ایک وسیع علاقہ کو محاصرہ میںلیتے ہوئے حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی۔ تاہم جنگجو علاقہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔فوج کے ایک اعلی آفیسر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ فوجی اہلکار گاڑیوں میں جارہے تھے تب کچھ ڈورہ میں جنگجوؤں نے فوج کی گاڑیوں پر فائرنگ کی جسکے جواب میں فوجی اہلکاروں نے فائر کئے جسکی وجہ سے جنگجوؤں بھاگ گئے۔