شوپیان +پلوامہ// شوپیان میں رخصت پر آئے ایک سی آر پی ایف اہلکار کو مشتبہ ملی ٹینٹوں نے گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا جبکہ پلوامہ کے مضافاتی گائوں آری ہل میں ملی ٹینٹوں کے حملے میں ایک سر پنچ بال بال بچ گیا۔ پولیس نے بتایا کہ انہیں اس بات کی اطلاع ملی کہ چک چھوٹی پورہ شوپیان میں شام7بجکر 25منٹ پر 14بٹالین سی آر پی ایف میں کام کررہے کانسٹیبل مختار احمد ڈوی ولد محمد جمال ڈوی پر مشتبہ ملی ٹینٹوں نے نزدیک سے فائرگ کی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوا۔پولیس نے مقامی لوگوں کی مدد سے اسے فوری طور پر اسپتال پہنچانے کی کوشش کی لیکن وہ اسپتال میں دم توڑ بیٹھا۔معلوم ہوا ہے کہ اسکی دیوٹی کیلر شوپیان میں ہے اور وہ رخصت پر گھر آیا ہوا تھا۔ادھرمقامی لوگوں نے بتایا کہ یہ واقعہ آری ہل میںسنیچر کے روز’لاڈ کوہل‘کے قریب اس وقت پیش آیا جب محکمہ آر اینڈ ڈی کے افسران اور سرپنچ کے ذریعہ کئے جارہے تعمیراتی کام کا معائنہ کیا جا رہا تھا۔اس دوران ایک پستول بردار شخص نمودار ہوا جس نے سرپنچ غلام نبی کمارولد غلام محمدپر پستول فائر کیا ،جسکا نشانہ خطا ہوا اور سرپنچ یہاں سے فرا ہوا ۔مسلح شخص بھی موقعہ کا فائدہ اٹھا کر رفو چکر ہوا۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ جنوبی ضلع کولگام میں گزشتہ رات ہی ایک سرپنچ کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیاجبکہ سرینگر کے کھمنوہ علاقے میں بھی ایک سرپنچ کو ہلاک کیا گیا اور کولگام کے ہی کولی پورہ علاقہ میں 2مارچ کو ایک ڈپٹی سر پنچ کو ہلاک کیا گیا۔