شوپیان //شوپیان میں جنگجوئوں نے دن دہاڑے پولیس اہلکاروں پرگولیوں کی بوچھاڑ کر دی جس کے نتیجے میں 4اہلکار موقعہ پر ہی جاں بحق ہوئے جبکہ حملے کے دوران جنگجو جائے واردات سے مارے گئے اہلکاروں کی 3اے کے سنتالیس رائفلیں اڑاکر فرار ہوئے۔اس دوران جب مارے گئے اہلکاروں کی نعشیں ان کے آبائی علاقوں وترگام، ڈنگی وچھ، سنبل اور شوپیان پہنچائی گئیں تو وہاں کہرام مچ گیا۔خبر رساں ایجنسیز کے مطابق جیش محمد نے حملے کی زمہ داری قبول کرتے ہوئے بتایا کہ حملہ حزب اور جیش محمد کے جنگجوں نے مشترکہ طور انجام دیا ۔شوپیان کے آرہامہ علاقے میں بدھ بعد دوپہرقریب ا ڈھائی بجے فروٹ منڈی شوپیان کے بالکل متصل ایکسس بینک کے قریب ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر شوپیان کے 4 محافظین ایک مستری کے پاس رکھشک گاڑی کی مرمت کرارہے تھے تو اس دوران2 پرائیویٹ کاروں میں سوار مسلح جنگجوئوں کے2 گروپ یہاں نمودار ہوئے اور انہوں نے پولیس اہلکاروں پر اندا دھند فائرنگ کرکے انہیں جاں بحق کیا اور ان میں سے 3کی رائفلیں بھی اڑا لیں اور فرار ہوئے۔حملہ اس قدر اچانک تھا کہ پولیس اہلکاروں کو سمجھ میں ہی نہیں آیا کہ فائرنگ کس طرف سے کی گئی۔اس واقعہ میں گاڑی کی مرمت کررہا مستری اور دیگر دکاندار بال بال بچ گئے۔حملہ کے کچھ دیر بعد ہی پولیس و فورسز نے پورے علاقے کو محاصرے میں لیا اور جنگجوئوں کو تلاش کیا۔ تاہم وہ فرار ہونے میں کامیاب رہے۔جنگجوئوں کے حملہ میں دو پولیس اہلکار موقعے پر ہی جبکہ دو دیگر شوپیان ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسے۔پولیس اہلکاروں کی شناخت کانسٹیبل اشفاق احمد میرولد عبد العزیز میر بلٹ نمبر758/spn ساکن وتر گام رفیع آباد بارہمولہ، کانسٹیبل محمد اقبال میرولد عبدا لرحمان میر بلٹ نمبر 760/spnساکن ہردو چمن روہامہ بارہمولہ،جاوید احمد بٹ ولد نذیر احمد بٹ بلٹ نمبر 806/SPNساکنہ پنزی نارہ سمبل بانڈی پورہ کے علاوہ سپیشل پولیس افسر(ایس پی او)عادل منظور بٹ ولد منظور احمد بٹ ساکن زوورہ شوپیان کے بطور ہوئی ہے ۔پولیس ترجمان کی جانب سے موصولہ بیان کے مطابق جنگجوں نے شمالی کشمیر کے شوپیان میں آرہامہ کے مقام پرپولیس کی ایک پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کی نتیجے میں چار پولیس اہلکار زخمی ہوئے جن کو فوری طور نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں بعد چاروں اہلکار زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھے ہیں ۔ پولیس لائنز شوپیان میں اس سلسلے میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں مارے گئے اہلکاروں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کر کے ان کی نعشیں اپنے اپنے آبائی علاقوں میں روانہ کی گئی ۔اس موقعے پر مہلوک اہلکاروں کی میتوں پر گلباری کرنے اور انہیں خراج عقیدت ادا کرنے کے لیے سیول اور پولیس انتظامیہ کے اعلیٰ افسران موجود تھے۔ادھرمہلوک اہلکاروں کی نعشیں ان کے آبائی گھروں کو پہنچائی گئیں تو یہاں کہرام مچ گیا جس دوران یہاں ہر سو غم کی لہر دوڑ گئی ۔انہوں نے بتایا کہ وترگام کے اشفاق احمد کی نعش جونہی ان کے گھر پہنچائی گئی تو عوام کی ایک بڑی تعداد نے ان کے گھر جاکر اہل خانہ کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔اسی دوران جیش محمد عسکری تنظیم نے ایک مقامی خبر رسا ںادارے کو بتایا کہ حملہ حزب اور جیش محمد کے جنگجوئوں نے مشترکہ طور انجام دیا ہے جس میں 4اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔