شوپیان+کپوارہ+اوڑی //شوپیان میں جنگجو وَں نے پولیس پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک کانسٹیبل اور ایک عام شہری زخمی ہوئے۔واقعہ کے بعد علاقے کو گھیرے میں لیکر تلاشیاں لی گئیں تاہم کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔قصبہ میں پیر کی سہ پہر قریب ساڑے 4 بجے نامعلوم بندوق برداروں نے ایک موٹر سائیکل پر سوار پولیس اہلکار بلال احمد نائیکو ولد عبدا لخالق نائیکو ساکن بابا پورہ شوپیان پر گولیاں چلائیں جسکی وجہ سے وہ زخمی ہوا ۔اس دوران ایک عام شہری رفیق احمد لون ولد بشیر احمد لون ساکن ویہل شوپیان کو بھی گولی لگی۔ دونوں کو تشویش ناک حالات میں علاج و معالجہ کے لئے سرینگر اسپتال منتقل کیا گیا۔معلوم ہوا ہے کہ بلال احمد ایس پی او ہے اور واقعہ رونما ہونے کے وقت وردی کے بغیر تھا۔گولیاں اسکی چھاتی اور ایک بازو اور شہری کی چھاتی پر بھی گولیاںلگیں۔ایس پی اور وہیں گر پڑا جبکہ شہری قریب بیس فٹ کی دوری پر خون میں لت پت ہوا۔عام شہری رفیق احمد لون کے والد کے مطابق رفیق بیمار تھا اور وہ سرینگر سے آج ہی اسپتال سے چھٹی ملنے کے بعد اپنے گھر واپس آرہا تھا۔اس واقعہ کے بعد علاقے کو محاصرہ میں لیکر حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی گئی۔ پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شرو ع کی گئی ۔ ادھرکپوارہ کے کنڈی علاقہ میں ایک فوجی آفیسر اپنی سروس رائفل سے حادثاتی طور گولی نکلنے کی وجہ سے بری طرح زخمی ہوگیا ۔ کیگام کنڈی میں قائم 47راشٹریہ رائفلز کا کیپٹن وی کے ساہو کو اس وقت گولی لگی جب اس کی سروس رائفل سے حادثاتی طور گولی نکلی ۔وہ بری طرح زخمی ہوا اور بعد میںدرگمولہ میں قائم فوجی اسپتال میں داخل کیا گیا ۔ اس دوران اوڑی میں فوج کا ایک پورٹر پاکستانی فوج کی طرف سے چلائی گئی گولی لگنے سے ہلاک ہوا۔ پولیس کے مطابق سوموار صبح 10 بجکر 40 منٹ پر اوڑی سیکٹر میں پاکستانی فوج کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہو ئے کنٹرول لائن پر واقعہ ہندوستانی فوج کی چوکس نامی اگلی چوکی کو نشانہ بنایا گیا،جس کے دوران چوکی پر تعینات 4 مدارس رینجمنٹ کے ساتھ کام کر رہا 37 سالہ خورشید احمد ولد محمد شریف جاگر ساکن ناواں رنڈا نامی پورٹر موقعہ پر ہی دم توڑ بیٹھا۔ پولیس کے مطابق خورشید کی گردن میں گولی لگنے اور دونوں ٹانگوں میں سپلینڈر لگنے کے زخم تھے ۔