شوپیان/شاہد ٹاک/ شوپیان میں دوران شب فوج نے دماغی طور معذور کولگام کے ایک شہری کو گولیاں مار کر ہلاک کیا، جس کے خلاف لواحقین نے احتجاجی مظاہرے کئے اور پولیس پر پتھرائو بھی کیا گیا۔دماغی طور پر معذور 27سالہ رئیس احمد وانی ساکن بیگام کولگام کو34 آر آر کیمپ واقع پہنو شوپیان کے نزدیک رات کے قریب تین بجے دیکھا گیا تھا۔ پو لیس نے بتایا کہ اس نے34 آر آرکیمپ کی حفاظتی باڑ عبور کی اور کیمپ کے بالکل نزدیک آگیا۔سنتری کے انتباہ کچھ راؤنڈ ہوا میں چلانے کے بعد بھی جب وہ رک نہ سکا تو اس پر گولی چلائی گئی۔پولیس نے سنیچر کی صبح اسکی ہلاکت کی اطلاع اسکے لواحقین کو دی جس کے بعد وہ لاش لینے کیلئے شوپیان پولیس لائنز پہنچ گئے اور لاش کر لیکر بٹہ پورہ چوک میں دھرنا دیا اور ہلاکت کیخلاف مظاہرہ کیا۔انہوں نے کہا کہ رئیس جمعہ کی سہ پہر 4بجے سے لاپتہ ہوا۔لواحقین نے کہا کہ اسکی ٹانگوں کو کیوں نہیں نشانہ بنایا گیا بجائے اسکے اسے ہلاک کیا جاتا۔جب لواحقین نے لاش بیچ سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا اور یہاں دوکانیں بند ہوگئیں اور مقامی لوگ بھی احتجاج کرنے لگے۔اس موقعہ پر پولیس آئی اور مظاہرین نے ان پر پتھرائو کیا جس کے جواب میں شلنگ کی گئی۔بعد میں لواحقین لاش لیکر کولگام روانہ ہوئے۔بیگام لوگام میں سہ پہر کو اسے سپرد خاک کیا گیا۔