سرینگر//جنوبی ضلع شوپیان میں بدھ کو فورسز کے ساتھ معرکہ آرائی کے دوران ایک اور جنگجو جاں بحق ہوگیا اور اس طرح گذشتہ روز سے جاری اس معرکہ آرائی میں مرنے والے جنگجوﺅں کی تعدادتین ہوگئی۔
یہ معرکہ آرائی سوگن گاوں میں گذشتہ شام دیر گئے شروع ہوئی تھی اور رات بھر چلنے والی اس جھڑپ میں آج پہلے دو اور بعد میں ایک اور جنگجو جاں بحق ہوگیا۔جاں بحق جنگجووں کی شناخت فوری طور پر نہیں ہوئی ہے۔
سوگن میں فورسز نے گذشتہ رات اندھیرا ہونے کی وجہ سے اپنا جنگجو مخالف آپریشن ملتوی کیا تھا لیکن آج صبح اس کو سر نو شروع کیا گیا۔
پولیس کا حوالہ دیتے ہوئے نیوز ایجنسی جی این ایس نے لکھا کہ محصور جنگجووں کو سرنڈر کرنے کی پیشکش کی گئی تھی جو انہوں نے ٹھکرادی۔نیوز ایجنسی کے مطابق مارے گئے جنگجوﺅں میں سے ایک کا تعلق البدر اوردو کا تعلق حزب الجاہدین سے تھا۔
مارے گئے جنگجوﺅں سے ایک اے کے47بندوق اور دو پستول بر آمد کئے گئے ہیں۔
اس سے قبل گذشتہ شام پولیس ،فوج اور سی آر پی ایف اہلکاروں نے مشترکہ طور علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کیا جس کے دوران طرفین کا آمنا سامنا ہوا اور اس طرح معرکہ آرائی شروع ہوگئی۔