شوپیان +پلوامہ// شوپیان اور پلوامہ میں پولیس و سی آر پی ایف پر گرینیڈ پھینکنے کے واقعات میں ایس ایچ او سمیت پولیس و فورسز نے 6اہلکار اور12شہری زخمی ہوئے ہیں۔اس دوران دونوں قصبوں میں مظاہرین اور فورسز میں شدید جھڑپیں ہوئیں۔قصبہ شوپیان کے بٹہ پورہ چوک میں پولیس پارٹی کو نشانہ بناتے ہوئے مشتبہ جنگجوئوںنے گرینیڈ پھینکا جو زور داردھماکے سے پھٹ گیا جسکی وجہ سے4پولیس اہلکاروں سمیت ایک درجن افراد زخمی ہوگئے جن میں ماں بیٹی کو علاج معالجے کیلئے سرینگر منتقل کیا گیا جہاں ایک کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ دن کے 11بجکر 35 منٹ پر سرینگر سومو اسٹینڈ بٹہ پورہ چوک میں اس وقت گرینیڈ پھینکا گیاجب جموں و کشمیر بینک کے ایک اے ٹی ایم کے پاس ایس ایچ او شوپیان اپنے ساتھیوں سمیت کھڑے تھے۔گرینیڈ سڑک کیساتھ بنی پانی کی ڈرین میں گر کر پھٹ گیا۔دھماکہ کی آواز سنتے ہی وہاں موجود اہلکاروں نے کئی منٹ تک ہوا میں گولیاں چلائیں جس سے وہاں افرا تفری مچ گئی اور لوگ محفوظ مقامات کی طرف بھاگ گئے۔دکاندار بھی اپنی دکانیں کھلی چھوڑ کر جانیں بچانے کے لئے بھاگ گئے۔ گرینیڈ دھماکہ کی وجہ سے ایس ایچ او شوپیان گلزار احمد،کانسٹیبل الطاف احمد، نذیر احمد اور جاوید احمد کے علاوہ محمد مقبول ساکن گنہ پورہ بلپورہ ،محمد اسماعیل ساکن سنگرونی پلوامہ ، فاروق احمد ملک ساکن تاچھلو،میر عازم ساکن پلوامہ،فریدہ بانو زوجہ نذیر احمد اور اسکی بیٹی نادیہ نذیر ساکن سیدھو شوپیان کو سرینگر منتقل کیا گیا۔دھماکے کے کچھ پل بعد بڑی تعداد میں نوجوانوں نے ایک آرمی کیسپر گاڑی پر پتھراؤ کیا اور اسکے بعد کئی گھنٹوں تک نوجوانوں اور فورسز کے بیچ بٹہ پورہ چوک اور جامع مسجد روڈ پر جھڑپیں جاری رہیں۔ فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے طاقت کا استعمال کیا۔ اس دوران سہ پہر پونے پانچ بجے مشتبہ جنگجوئوں نے پلوامہ میں شہید پارک کے متصل ٹہاب چوک میں سی آر پی ایف182بٹالین کی گاڑی کو نشانہ بنانے کی غرض سے گرینیڈ پھینکا جو گاڑی کے نزدیک زوردار دھماکہ کیساتھ پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 2سی آر پی ایف اہلکار مضروب ہوئے۔اس موقعہ پر یہاں زبردست خوف و ہراس پھیل گیا اور پیدل چلنے والوں کی بھی آمد و رفت بند ہوگئی۔ادھر سوپور پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے نتھی پورہ واڈورہ روڑ پر زیر زمین بچھائی گئی بارودی سرنگ ناکارہ بنائی۔پولیس کو بارودی سرنگ کے بارے میں اطلاع ملی تھی جس کے بعد بم ڈسپوزل اسکارڈ کو طلب کیا گیا جنہوں نے بارودی سرنگ ناکارہ بنا کر امکانی حادثے کا ٹال دیا۔