جموں//نادرن آرمی کمانڈر لیفٹنینٹ جنرل رنبیر سنگھ نے یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک سے ملاقات کی اور انہیں ریاست میں موجودہ سلامتی صورتحال کے بارے میں جانکاری دی۔گورنر اور آرمی کمانڈر نے مؤثراندورنی سلامتی اِنتظامات سے متعلق کئی اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ادھروائس چانسلر سینٹرل یونیورسٹی آف کشمیر معراج الدین میر نے یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک سے ملاقات کی ۔پروفیسر میر نے گورنر کو یونیورسٹی میں جاری تحقیقی کام اور تدریسی پروگراموں کے علاوہ ادارے میں دیگر چیلنجوں کے بارے میں جانکاری دی۔گورنر نے اس موقعہ پر یونیورسٹیوں کی اہمیت اور اِن مراکز کو مختلف علوم کوپڑھانے اور سیکھانے کے لئے اعلیٰ سطح کے مراکز کے طور پر ترقی دینے پر زور دیا۔دریں اثناء جے اینڈ کے پنچایت اسمبلی کا ایک وفد صدر منظور احمد کی قیادت میں یہاں راج بھون میں گورنرستیہ پال ملک سے ملاقی ہوا۔وفد نے گورنر کو پنچوں ، سرپنچوں ، میونسپل کونسلروں کو مناسب رہائشی سہولیات اور سلامتی کے اِنتظامات فراہم کرنے، سبھی پنچوں اور سرپنچوں کو پنچایت ایکٹ 1996 کی رو سے بااختیار بنانے ، سرپنچوں اور پنچوں کی ماہانہ تنخواہ بڑھانے ،فنڈس کو براہِ راست پنچایتوں کے کھاتوں میں منتقل کرنے ،ہر حلقے میں پنچایت گھر تعمیر کرنے ،پنچایتی میلے منعقد کرانے اور بلاک و ضلع سطح کی پنچایت باڈی جلد از جلد تشکیل دینے کی درخواست کی۔دریں اثناء کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری شیخ عاشق احمد نے یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی ۔ اس دوران انہوں نے گورنر کو کشمیر کے سیاحتی منظر نامے کے بارے میں جانکاری دی ۔ انہوں نے سیاحتی سرگرمیوں کو بڑھاوا دینے ، صحت شعبے میں سرمایہ کاری کرنے ، کراس ایل او سی سے جُڑے امور اور کراپ انشورنس جیسے معاملات کے بارے میں اپنی تجاویز گورنر کے سامنے رکھیں ۔ انہوں نے گورنر کو اپریل مہینے میں سیاحت، دستکاری ، ہارٹیکلچر اور دیگر سیکٹروں کو بڑھاوا دینے کیلئے منعقد ہونے والے ایمبیسڈرس میٹ کے بارے میں بھی جانکاری دی ۔