سرینگر// شمالی کشمیر کے پانچ اضلاع کے اسکولوں ا ور کالجوں کے پچاس طلاب کے ایک گروپ نے شمال مشرقی خطے کی ترقی کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) وزیراعظم کے دفتر میں وزیر مملکت ، عملے ، عوامی شکایات اور پنشن ، ایٹمی توانائی اور خلا کے وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ سے ملاقات کی۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے طالب علموں سے کہا کہ کشمیر میں حکومت کے لئے چیلنج ایک ایسا ماحول پیدا کرنا ہے جس میں نوجوان اپنی امنگوں کو پور ا کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے نوجوانوں کی صلاحیت کی کوئی کمی نہیں ہے۔ انہوں نے آئی اے ایس اور آئی آئی ٹی جیسے اہم اداروں میں پچھلے چند برسوں کے دوران کشمیر کے اول آنے والے متعدد طلبا کی مثال پیش کی۔ وزیر موصوف نے طلبا کو مشورہ دیا کہ وہ حکام کے سامنے ا پنے حقوق پر زور دیں تاکہ اپنے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے مواقع اور سہولتوں کا استعمال کرسکیں۔ ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ 25 برسوں کی عسکریت نے جموں و کشمیر کی ترقی میں رکاوٹ ڈالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں تیسری نسل کے نوجوانوں نے آج اپنے اوپر یہ ذمہ داری لی ہے کہ وہ ریاست میں ایسا ماحول پیدا کریں جس میں تمام نوجوان ترقی کرسکیں۔