سرینگر/شمالی کشمیر کے ہندوارہ میں جنگجوئوں اور فورسز کے مابین ہوئی شبانہ معرکہ آرائی کے دوران دو عسکریت پسند جاں بحق ہوگئے۔
ذرائع نے جمعہ کو بتایا کہ یہ معرکہ آرائی ضلع کپوارہ میں ،ہندوارہ تحصیل کے باباگنڈ نامی گائوں میں پیش آئی۔
خبر رساں ایجنسی ،جی این ایس کے مطابق دو جاں بحق جنگجوئوں کی لاشیں معرکہ آرائی کے مقام سے بر آمد کی گئی ہیں۔
پانچ گھنٹوں تک چلنے والی یہ معرکہ آرائی اُس وقت شروع ہوئی جب فوج، سی آر پی ایف اور ایس او جی اہلکاروں نے لنگیٹ علاقے میں واقع بابا گنڈ گائوں میں تلاشیاں شروع کیں۔
اس سے قبل فورسز نے جنگجوئوں کی موجودگی کے بارے میں مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد گائوں میں جنریٹر نصب کئے تاکہ جنگجوئوں کو اندھیرے کا فائدہ اُٹھانے کا موقع نہ ملے۔
اس دوران رات کے ایک بجے چھپے جنگجوئوں نے فورسز پر گولیاں چلائیں جس کے بعد یہاں باضابطہ معرکہ شروع ہوا جس کے نتیجے میں دو جنگجو جاں بحق ہوگئے جن کی شناخت ہونا ابھی باقی تھا۔