عظمیٰ نیوز سروس
جموں//شمالی فوج کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اوپیندر دویدی نے مرکز کے زیر انتظام علاقے کے سیاچن اور لداخ سیکٹروں میں اگلے مورچوں کا دورہ کر کے فوجیوں کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔ فوجیوں کے ساتھ بات چیت کرنے اور فوجیوں کی سیکورٹی اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے لداخ خطے کے ان کے دورے کا یہ دوسرا دن ہے۔شمالی کمان نے ایکس پر کہا، “لیفٹیننٹ جنرل اپیندر دویدی، آرمی کمانڈر شمالی کمان نے آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے لداخ کے آگے کے علاقوں کا دورہ کیا اور مربوط تربیت کا مشاہدہ کیا۔”
لیفٹیننٹ جنرل دویدی نے جی او سی فائر فیوری کور اور کمانڈر سیاچن بریگیڈ کے ہمراہ آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے سیاچن میں ایل او سی کے ساتھ ساتھ اگلے علاقوں کا دورہ کیا۔آرمی کمانڈر نے فوجیوں کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا اور مشکل حالات میں آپریشنل تاثیر کے اعلی ترین معیار کو برقرار رکھنے میں ان کی انتھک کوششوں کی تعریف کی۔لیفٹیننٹ جنرل دویدی نے دور دراز کے فرنٹ لائن علاقوں میں تعینات فوجیوں کو ناگوار خطوں کے باوجود جنگی تیاری کے ان کے بہترین معیار کے لیے مبارکباد پیش کی اور انہیں حوصلہ افزائی کی کہ وہ بہترین کارکردگی کے لیے کوششیں جاری رکھیں۔