یواین آئی
یروشلم+غزہ// اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے شمالی غزہ کی پٹی میں حماس کے کمانڈ ڈھانچے کو ‘ختم کرنے’ کا ہدف حاصل کر لیا ہے۔فوج کے ترجمان ڈینیل ہگاری نے صحافیوں کو بتایا کہ فلسطینی عسکریت پسند تنظیم حماس اب علاقے میں صرف انفرادی طورپر اور ‘کمانڈروں کے بغیر’ کام کر رہی ہے۔ بی بی سی نے فوج کے ترجمان کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیل نے شمالی غزہ میں تقریباً 8000 عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی دفاعی افواج (آئی ڈی ایف) اب جنوبی اور وسطی غزہ میں حماس کو ختم کرنے پر توجہ مرکوز کر رہی ہیں۔ حماس کے زیر انتظام وزارت صحت کے مطابق، جنگ شروع ہونے کے بعد سے اسرائیل نے 22,000 سے زیادہ افراد کو ہلاک کیا ہے۔ وزارت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں 120 سے زائد اموات ریکارڈ کی گئیں۔ یہ علاقہ تباہ ہوگیا اور 23 لاکھ کی آبادی بے گھر ہوگئی ہے۔اسرائیلی جارحیت اس وقت شروع ہوئی جب حماس کے بندوق برداروں نے 7 اکتوبر کو جنوبی اسرائیل پر اچانک حملہ کیا، جس میں 1200 افراد ہلاک ہوئے، جن میں سے زیادہ تر عام شہری تھے اور تقریباً 240 کو یرغمال بنا لیا گیا۔ گزشتہ سال جنگ بندی میں کچھ رہائی کے بعد 120 سے زائد اب بھی بچے ہوئے ہیں۔ اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے ہفتے کے روز دہرایا کہ اسرائیل حماس کو ختم کرنے، ہمارے یرغمالیوں کی واپسی اور اس بات کو یقینی بنانے کے لئے اپنی مہم جاری رکھے گا کہ غزہ اب اسرائیل کے لیے خطرہ نہیں ہوگا۔ نیتن یاہو نے ایک بیان میں کہا، ’’ہمیں مکمل فتح حاصل ہونے تک سب کچھ ایک طرف رکھنا ہوگا۔‘‘ دریں اثنا، فلسطینی وزارت صحت نے اتوار کو کہا کہ مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر جنین میں اسرائیلی حملے میں چھ فلسطینی مارے گئے۔ فلسطینی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس چھاپے میں بڑی تعداد میں اسرائیلی فوج کی تعیناتی شامل تھی۔