سرینگر//گورنر این این ووہرا نے جموں وکشمیر میں سرمایہ کاری اور صنعت کاری کو بڑھاوا دینے کی غرض سے مرکزی سرکار سے درخواست کی ہے کہ مرکزریاست کو بھی وہ مراعات مہیا کرے جو شمال مشرقی صنعتی ترقیاتی سکیم۔2017 کے تحت دی جاتی ہیں۔گورنر نے وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر خزانہ پیوش گوئل اور صنعت وحرفت کے مرکزی وزیر سریش پربھو کے نام الگ الگ مکتوبات میں اس معاملہ کو اُجاگر کرتے ہوئے این ای آئی ڈی ایس کو ریاست کے لئے توسیع دینے میں اُن کی مداخلت طلب کی۔واضح رہے کہ یہ سکیم مرکزی سرکا رنے2017 میں شروع کی تھی تا کہ شمال مشرقی خطہ میں صنعتی ترقی کو دوام بخشا جائے اور یہ سکیم31 مارچ2022 لاگو رہے گی۔این ای آئی ڈی ایس کے دائرے میں مینوفیکچرنگ اور سروسز سیکٹر کے نئے یونٹ آتے ہیں جس کے ذریعے سے کارخانہ داروں کو کئی مراعات دستیاب کرائی جاتی ہیں۔جموں وکشمیر کے لئے انڈسٹریل ڈیولپمنٹ سکیم جو اپریل2018 میں شروع کی گئی ، میں اس طرح کی کوئی مراعات دستیاب نہیں ہیں۔گورنر نے این ای آئی ڈی ایس کے تحت دستیاب مراعات کو جموں وکشمیر کی آئی ڈی ایس میں شامل کرنے کی وجوہات گنواتے ہوئے کہا کہ جموں وکشمیر کو مختلف وجوہات کی بناء پر کئی معاملات درپیش ہیں جس سے ریاست میں سرمایہ کاری میں بھی رکاوٹیں حائل ہوتی ہیں۔گورنر نے اپنے مکتوب میں کہا ہے کہ حکومت نوجوانوں کو مختلف ہُنروں سے روشناس کرانے کے لئے ہر ممکن مدد فراہم کر رہی ہے تا کہ وہ اپنے یونٹ قائم کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی عدم موجودگی میں مذکورہ اہداف حاصل نہیں کئے جاسکتے ۔ انہوں نے کہا کہ کئی سرمایہ کاروں نے اراضی الاٹ ہونے اور لیز ڈیڈ عملانے کے باوجود بھی ریاست میں سرمایہ کاری کرنے کے اپنے وعدوں کو پورا نہیں کیا۔گورنر نے وزیر اعظم کے نام مکتوب میں کہا ہے کہ انہیں مسرت ہوگی اگر وہ ریاست کی درخواست پر ہمدردانہ رویہ اختیار کر کے این ای آئی ڈی ایس کی مراعات کو جموں وکشمیر کی آئی ڈی ایس میں بھی دستیاب کرائیں۔