ایم ایم پرویز
رام بن // ایک نئی تعمیر شدہ 348 میٹر دو لین والی شلگڑی-شیربی بی ٹنل، نیو ٹنل، 2اور ٹنل کی طرف جانے والی سڑک کو بدھ کے روز دو طرفہ ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔این ایچ اے آئی کی طرف سے تعمیراتی کاموں میں مصروف کمپنی سی وی پی پی ایل کے ایک انجینئر نے بتایا کہ ٹنل، نیو ٹنل2 پر کام مکمل ہو گیا تھا اور بدھ کی شام اسے دو طرفہ ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا تھا۔چار لین پراجکٹ کے رامبن – بانہال سیکشن پر شلگڑی – شیربی بی نئی ٹنل 2 پر کام سال 2022 میں شروع کیا گیا تھا اور این ایچ اے آئی اور انتظامیہ کی ہدایت پر کام تیز رفتاری سے مکمل کیا گیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ ٹنل کو آزمائشی بنیادوں پر دو طرفہ ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ۔تمام ٹریفک کو سری نگر جموں قومی شاہراہ پر چار لین پروجیکٹ کے رام بن بانہال سیکشن پر نئی تعمیر شدہ شلگڑی-شیربی بی، نئی ٹنل-2 کے ذریعے موڑ دیا گیا۔یہ سرنگ ایک منحنی خطوط کو نظرانداز کرے گی اور جموں سری نگر قومی شاہراہ پر بانہال اور رام بن کے درمیان سفر کے وقت کو کم کرنے میں مدد کرے گی۔اضافی دو لین سڑک کیلئے پرانی سڑک کے الائنمنٹ پر سڑک کی توسیع کا کام بھی شروع کر دیا گیا۔ٹریفک حکام نے بتایا کہ نوتعمیر شدہ ٹنل سے ٹریفک آسانی سے چل رہی ہے۔تاہم حکام کی طرف سے ابھی تک اس کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے۔دوسری طرف، مبینہ طور پر ادھم پور-را م بن سیکشن پر رام بن کے قریب مہاڑکیفے ٹیریا موڑ سرنگ پر کام نومبر 2023 کے وسط سے معطل رہا۔اطلاعات کے مطابق این ایچ اے آئی کی سب کنٹریکٹر کمپنی ڈی ایم آر نے ٹنل کا پچاس فیصد کام مکمل کرنے کے بعد سرنگ کی تعمیر کا کام درمیان میں روک دیا ہے۔این ایچ اے آئی کے حکام نے کہا تھا کہ مہاڑکیفے ٹیریا ٹنل پر کام عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔تعمیراتی کمپنی کے مطابق، نومبر 2023 میں سرنگ کے 400 میٹر کے اندر بلجز آنے کے بعد کام روک دیا گیا تھا۔