سرینگر//جموں و کشمیر بینک کے چیئرمین و سرپرست پرویز احمد نے شری ماتا وشنو دیوی یونیورسٹی کٹرا کی منیجمنٹ ایجو کیشن موضوع پر منعقد ہ ایک انٹر نیشنل کانفرنس کی اختتامی تقریب کی صدارت کی۔ پرویز احمد نے یونیورسٹی اور شرائن بورڈ کے بانیوں کو خراج تحسین ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات قابل ِ فخر ہے کہ انہوں نے اس ادارے کا جوخواب دیکھا تھا وہ شرمندہ تعبیر ہوا ہے اور شرائن بورڈ کی تاریخ اور اس کی کارکردگی ہم سب کیلئے ایک سبق ہے۔جو طرز تعمیر بورڈ نے کھڑا کیا ہے وہ کٹرا کی روحانیت کو چار چاند لگا دیتے ہیں۔یہ دیگر مذہبی مقامات کی تعمیر و ترویج کیلئے ایک ماڈل ہے جسے شرائن بورڈ نے اپنی انتھک محنت سے اس مقام پر پہنچایا ہے۔چیئرمین نے یونیورسٹی کو ریاست میں سٹارٹ اپ کلچر کو فروغ دینے پر مبارک باد دیدی اور انتظامیہ کو اس کلچر سے ابھر رہی کامیابیوں کو تشہیر دینے پر زور دیا تاکہ ریاست کے نو جوان اسکی طرف راغب ہوجائیں۔منیجمنٹ ایجوکیشن میں ڈاٹا انالیٹکس کورس کو شامل کرنے پر چیئرمین نے یونیورسٹی اقدامات کی سراہنا کی۔اس سے قبل یونیورسٹی بزنس سکول کے ہیڈ ڈاکٹر سوربھ نے انٹر نیشنل کانفرنس میں جے کے بینک کی معاونت کو سود مند قرار دیا جس سے کانفرنس کے اغراض و مقاصد ملک اور بیرون ملک تک پہنچ سکے۔یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈی مکھا پادیائے نے کہا جب سال 2047میں ملک آزادی کے سو سال مناتا ہوگا تو یہ دنیا کی تیسری بڑی معیشت ہوگی اور یہاں یونیورسٹیوں کا جال پھیلا ہوگا اور اس جانب پیش قدمی کرتے ہوئے ہمیں منیجمنٹ ایجوکیشن کی اصلاحات کی جانب کام کرنا ہوگا۔تقریب کے آخر پر جے کے بینک چیئرمین نے تمام سر کردہ شخصیات کے ساتھ تفصیلی گفتگو کی اور ریاست سے منسلک کئی اہم تجارتی موضوعات پر اظہار خیال پیش کیا۔