جموں //شری ماتا ویشنو دیوی شرائین بورڈ اور نئی تشکیل شدہ میونسپل کمیٹی کٹرہ کی طرف سے مشترکہ طورپر ایک اجلاس کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران کٹرہ قصبہ کی تعمیر وترقی پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی ۔ماتا ویشنو دیوی شرائین بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سمر دیپ سنگھ کی قیادت میں منعقد ہ اس اجلاس میں بولتے ہوئے میونسپل کمیٹی کٹرہ کے اراکین نے کہا کہ شرائین بورڈ کی حمایت کے بغیر کٹرہ قصبہ میں یاتریوں کےلئے بنیادی سہولیات فراہم کرنا ممکن نہیں ۔سمر دیپ سنگھ نے کہا کہ شرائین بورڈ یاتریوں اور عام لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کےلئے لگاتار اقدامات اٹھا رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ شرائین بورڈ کی جانب سے 338لاکھ روپے لاگت کے کئی تعمیراتی پروجیکٹوں کو مکمل کیا ہے جبکہ اسی طرح 206.51لاکھ روپے کے تین مزید پروجیکٹوں پر کام جاری ہے ۔اس اجلاس میں ومل اندو صدر میونسپل کمیٹی کٹرہ ۔جگدیش مہرہ ،امبرش منگوترہ ودیگران نے بھی شرکت کی ۔