سرینگر / / وادی میں ایک بار پھر گزشتہ شب درجہ حرارت میں مزید گراوٹ آگئی جسکے نتیجے میں نل جم گئے۔وادی میں لوگ پچھلے 2 روز سے دن کے دوران کھلی دھوپ سے راحت محسوس کر رہے ہیں وہیں راتیں مزید سرد ہو رہی ہیں۔ شہر سرینگر میں سوموار اور منگل کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.4 ڈگری سلسیش درج کیا گیا ۔ پہلگام میں منفی 13.7 اور گلمرگ میںمنفی12.2درج کیا گیا ۔محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق قاضی گنڈ میں منفی 7.8،کپوارہ میں منفی 7.8اور سیاحتی مقام کوکرناگ میں منفی7.3ڈگری سلسیش ریکارڈ گیا گیا ہے ۔ترجمان کے مطابق لداخ خطہ میں مسلسل درجہ حرارت میں گراوٹ دیکھنے کو مل رہی ہے لداخ کے لیہہ میں منفی 17.4 اورکرگل میں منفی 22.5درج کیا گیا۔دراس میں شبانہ درجہ حرارت منفی 28ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔درجہ حرارت میں ایک بار پھر آئی گراوٹ کے بعد جھیل ڈل سمیت دیگر آبی ذخائر کے کنارے منجمد ہوگئے جبکہ پینے کے صاف پانی کی سپلائی کے نل بھی صبح جمے ہوئے تھے ۔واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے 30اور 31جنوری کو ایک بار پھر ہلکی اور درمیانہ درجے کی برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔