عارف بلوچ
اننت ناگ//حکام نے پیر کو بتایا کہ گزشتہ 24گھنٹوں سے تقریباً 10 ہزار گاڑیاں، جن میں پھلوں سے لدے 8820 ٹرک بھی شامل ہیں، جموں سری نگر شاہراہ کے ذریعے سرینگر سے جموں روانہ ہوئے۔ ٹریفک حکام نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں سے (ڈاؤن ٹریفک موومنٹ) سے کل 10074بھاری گاڑیوں نے قاضی گنڈ سے جموں شاہراہ کو عبور کیا جن میں 8820پھلوں سے لدے ٹرک تھے۔انہوں نے کہا کہ خراب موسمی حالات کے درمیان، وہ ان گاڑیوں کو دن رات 24 گھنٹوں میں عبور کرنے میں کامیاب رہے۔8820 پھلوں سے لدے ٹرک سمیت 10ہزار سے زیادہ بھاری مال بردار گاڑیوں کو نیویگ اور جواہر ٹنل سے چھوڑا گیا۔ چیف سکریٹری نے گذشتہ روز حکام کو ہدایت دی تھیں کہ وہ 24گھنٹوں کے اندر سبھی درماندہ میوہ ٹرکوں کو جموں کی طرف روانہ کریں۔ادھربانہال میںہلکی بارش سے دن بھر ٹریفک جام رہا جبکہ مہاڑ میں پتھر گرنے سے بھی ٹریفک میں خلل پڑا۔ڈی ایس پی ٹریفک قاضی گنڈ طارق احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اتوار دن کے 12بجے سے پیر کی صبح ساڑھے 8بجے تک قاضی گنڈ میں رکی پڑی سبھی گاڑیاں دونوں ٹنلوں کے ذریعے جموں کی جانب چھوڑ دی گئیں۔انہوں نے کہا کہ پیر کی شام تک مزید 500سے زائد میوہ گاڑیاں پہنچ گئی ہیں جنہیں منگل کی شام چھوڑنے کا امکان ہے۔انکا کہنا تھا کہ قاضی گنڈ اور بانہال میں بارشیں ہوئیں اور ٹریفک میں خلل پڑا۔