محمد تسکین
بانہال// جموں و کشمیر کے میدانی علاقوں میں بارشوں اور پہاڑوں پر تازہ برفباری کی پیشنگوئی کے درمیان شاہراہ پر آمد ورفت سست رفتاری سے جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق صوبہ جموں کے بانہال – رام بن سیکٹر میں موسم بدلنا شروع ہوا ہے اور جمعرات کی سہ پہر سے مطلع آبر و آلود ہوا اور جنوب سے شمال کی جانب ٹھنڈی ہواؤں نے سردی میں اضافہ کر دیا ہے۔ جبکہ پہاڑوں پر چھائے بادل مزید گہرے ہوتے جا رہے ہیں اور بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری کے بارے میں محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے امکانات بڑھ رہے ہیں۔ اس دوران شاہراہ پر معمول کا ٹریفک جمعرات شام تک جاری تھا اور موسمی خرابی کے امکانات کے پیشِ نظر معمول کے مقابلے میں کم ہی ٹریفک شاہراہ پر نظر آیا اور ٹریفک نے مقررہ اوقات کے اندر اپنی منزلوں کا رخ کیا۔معمول کی طرح اج بھی قصبہ بانہال سے گذرنے والی جموں سرینگر قومی شاہراہ پر کچھ وقت کیلئے ٹریفک جام کی وجہ سے ٹریفک کی روانی وقفے وقفے سے سست رفتاری کا شکار ہوئی تاہم شام ہونے سے پہلے پہلے ٹریفک پولیس نے ٹریفک جام اور گاڑیوں کی سست رو رفتار پر قابو پایا اور قصبہ بانہال سے ٹریفک کو رواں کیا گیا۔ ٹریفک پولیس حکام نے جمعرات شام کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جمعرات کے روز شاہراہ پر دونوں طرف سے مال اور مسافر بردار گاڑیوں پر مشتمل ٹریفک کی روانی معمول کے مطابق جاری رہی اور شفا پانی ، بانہال اور رامسو۔ رام بن سیکٹر میں کئی مقامات پر ٹریفک سست رفتار رہا تاہم کسی ٹریفک جام کی نوبت نہیں آئی۔ انہوں نے کہا کہ جمعرات شام اور جمعہ کے روز بارشوں کا امکان ہے اور شاہراہوں پر جمعہ کے روز ٹریفک کے حوالے سے الگ سے ٹریفک ایڈوائزری جاری کی جائے گی۔