محمد تسکین
بانہال// حالیہ بارشوں کے نتیجے میں پسیاں اور پتھر گر آنے کی وجہ سے کم از کم آٹھ گھنٹوں تک بند رہنے کے بعد جموں سرینگر قومی شاہراہ کو جمعہ کی شام درماندہ ٹریفک کیلئے بحال کیا گیا تھا اور ہفتے کی صبح سے جنوں اور سرینگر سے معمول کے ٹریفک کو شاہراہ پر چلنے کی اجازت تھی۔ ہفتے کی صبح سے ہی ہزاروں کی تعداد میں مال اور مسافر گاڑیوں نے جموں اور سرینگر سے اپنی اپنی منزلوں کا سفر کیا تاہم ناشری ٹنل اور رام بن کے درمیان ٹریفک کی نقل و حرکت سڑک کی خرابی کی وجہ سے سست روی کا شکار رہی اور مسافروں اور مال گاڑیوں کو وقفے وقفے کے ٹریفک جام کا سامنا رہا۔
ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ہفتے کی صبح سے شاہراہ معمول کے ٹریفک کیلئے بحال تھی اور ہزاروں کی تعداد میں مسافر اور مال بردار ٹریفک نے اپنی اپنی منزلوں کی راہ لی۔ انہوں نے کہا کہ ڈھلواس کے مقام دھنستی جارہی سڑک پر ٹریفک کی نقل و حرکت سست رفتار رہی جبکہ رام بن کے کیفٹیریا موڑ اور مہاڑ کے مقامات پر گزشتہ روز کی بارشوں کی وجہ سے سڑک کی پچھلی طرف بہت ملبہ گرا ہوا تھا اور وہاں بھی ٹریفک کی روانی سست رہی۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر ہفتے کے روز شاہراہ پر ٹریفک کی روانی بلا خلل جاری رہی اور ہزاروں کی تعداد میں مال بردار ٹرکوں اور مسافر گاڑیوں نے دونوں طرف سے شاہراہ پر سفر کیا۔ انہوں نے کہا کہ کئی مقامات پر چھوٹی مسافر گاڑی والوں کی طرف سے بلا وجہ کی اوورٹیکنگ سے وقفے وقفے کی ٹریفک جامنگ بھی رہی اور ٹریفک پولیس اور پولیس کے اہلکاروں نے ان مقامات پر ٹریفک جام کو صاف کرکے معمول کے ٹریفک کو جاری کیا۔