بانہال // جموں ۔سرینگرشاہراہ پر رام بن کے نزدیک کیلْوں سے لدا ہوا ایک ٹرک کم از کم دو افراد سمیت شاہراہ سے لڑھک کر دریائے چناب میں گر گیا ۔ خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ ٹرک میں سوار ایک فوجی اہلکار اور ٹرک ڈرائیور دریائے چناب کے تیز بہاو میں ٹرک سمیت بہہ گئے ہیں۔ یہ ٹرک نمبر JK-03B/4747 جموں سے وادی کشمیر کی طرف انے کے دوران رام بن کے مِہاڑ علاقے میں شاہراہ سے لڑھک کر سیدھے دریائے چناب کے تیز بہاو میں سما گیا اور دریا میں گدلے پانی اور پانی کی اونچی سطح ہونے کی وجہ سے ٹرک اور اس میں سوار افراد کا دور دور تک کوئی پتہ نہیں چل سکا ۔ اس حادثے کی خبر ملتے ہی رام بن پولیس ، رام بن کے مقامی رضاکار ، کیو ار ٹی ، ریڈکراس اور ایس ڈی ار ایف کے اہلکار بچاو کاروائیوں میں جْٹ گئے لیکن تلاش کاروائی کے باوجود بھی ٹرک اور ٹرک میں سوار مسافروں کا بْدھ کی شام تک کوئی پتہ نہیں چل سکا۔ دریائے چناب میں پانی کی اونچی سطح اور تیز بہاو کی وجہ سے کیِلْوں لدے ٹرک اور اس میں سوار کم از کم دو افراد کے بارے میں بچاو کاروائیوں میں شامل افراد کوئی پتہ نہیں لگا سکے ہیں۔ ڈی ایس پی ہیڈکواٹر محمد امتیاز نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ پولیس اور کیو ار ٹی کے رضاکاروں کی مدد سے ٹرک کے مسافروں کو دریائے چناب کے تیز بہاو سے نکالنے کی کوشش جاری ہے اور اس سلسلے میں رام بن پولیس نے دریائے چناب کے کنارے واقع دھرم کنڈ اور ریاسی وغیرہ کے پولیس تھانوں کو مطلع کیا ہے۔ رام بن پولیس نے اس ٹرک میں سوار افراد کی شناخت ڈرائیور انگریز سنگھ ولد کرنیل سنگھ ساکنہ سندل ، ادہمپور اور ٹرک میں ادہمپور سے سوار ہوئے فوجی اہلکار نریش کمار ولد گھیان چند ساکنہ ادہمپور کے طور کی گئی ہے۔ فوجی اہلکار نریش کمار کا تعلق فوج کی 28 انفینٹری ڈویڑن سے بتایا جاتا ہے اور وہ گھر میں چھْٹیاں گذارنے کے بعد وادی کشمیر کی طرف اپنی ڈیوٹی پر واپس جارہا تھا۔ پولیس نے معاملے میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات کا عمل شروع کیا ہے۔ دریں اثناء رواں مہینے کی 09 تاریخ کو بانہال کے نزدیک شاہراہ سے لڑھک کر مکمل طور نذر اتش ہونے والے پیٹرول ٹینکر کے حادثے میں بانہال کے وگن ، شیر بی بی علاقے سے تعلق رکھنے والے ایک زخمی نے زخموں کی تاب نہ لاکر منگل کے روز شیر کشمیر میڈیکل انسٹیٹیوٹ صورہ سرینگر میں دم توڑدیا۔ جواں سال جلال الدین وانی ولد غلام نبی وانی ساکنہ ہالہ وگن ، شیر بی بی تحصیل بانہال اور ٹینکر ڈرائیور اس ٹینکر حادثے میں شدید زخمی ہوئے تھے اور پیٹرول ٹینکر میں آگ لگنے کی وجہ سے جھلس گئے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ جلال الدین جھلسنے اور انددونی چوٹوں سے جانبر نہ ہوسکا ۔ بتایا جاتا ہے کہ جلال الدین وانی ٹینکر کے ساتھ پچھلے کچھ عرصے سے بطور کنڈیکٹر کام کرتا تھا اور 09 جون کو جموں سے سرینگر کی طرف انے کے دوران یہ ٹینکر بانہال کے نزدیک شاہراہ سے لڑھکنے کے بعد آگ میں تباہ ہوگیا تھا اور ڈرائیور وشال سنگھ اور جلال الدین وانی کو زخمی حالت میں جلتے ٹینکر سے نکال کر سرینگر منتقل کیا گیا تھا جہاں گذشتہ رات جلال الدین نے دم توڑا۔ منگل کی شام ان کی نماز جنازہ اپنے آبائی گاوں ھالہ ، شیر بی بی میں انجام دی گئی اور پر نم انکھوں کے ساتھ اس نوجوان کو سپرد خاک کیا گیا۔