عمان ،//یو این آئی//اردن کی وزارت خارجہ نے کہا کہ عرب وزرائے خارجہ اردن میں جمع ہوں گے تاکہ شام کے طویل عرصے سے جاری تنازع اور خطے میں اس کی سفارتی تنہائی کو ختم کرنے پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔اردن میں ہونے والے اس اجلاس میں مصر، عراق، اردن، سعودی عرب اور شام کے وزرائے خارجہ شرکت کریں گے۔وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مذاکرات میں شام کے بحران کے سیاسی حل کے لیے شامی حکومت کے ساتھ ان ممالک کے رابطوں کا جائزہ لیا جائے گا۔شام کے صدر بشار الاسد 2011 میں اپنے ملک میں تنازع شروع ہونے کے بعد سے سیاسی طور پر تنہا ہوگئے تھے لیکن حالیہ ہفتوں میں سعودی عرب اور ایران کی سفارتی تعلقات کی بحالی کے بعد سفارتی سرگرمیوں میں ہلچل اور علاقائی تعلقات میں تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے۔اردن کی وزارت خارجہ نے اس اجلاس کو اپریل کے وسط میں ہونے والے خلیج تعاون کونسل کے ممالک (اردن، عراق اور مصر) کے مشاورتی اجلاس کا تسلسل قرار دیا جس کی میزبانی سعودی عرب نے کی تھی۔