متاثرہ کنبوں کیلئے خصوصی رہائشی پروجیکٹ منظور،مکمل بازآبادکاری کی یقین دہانی
جاوید اقبال
مینڈھر // سیکریٹری دیہی ترقی و پنچایتی راج محمد اعجاز اسد نے ہفتہ کے روز مینڈھر کے کالابن اور سنگیوٹ علاقوں کا دورہ کیا، جہاں حالیہ شدید بارشوں اور مٹی کے تودے گرنے کے باعث بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ ان آفات کے نتیجے میں درجنوں مکانات زمین بوس ہوگئے جبکہ سینکڑوں افراد بے گھر ہو کر کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔محکمہ کی رپورٹ کے مطابق صرف کالابن میں ستر سے زائد مکانات کو نقصان پہنچا، جن میں اکثریت مکمل طور پر تباہ ہوچکی ہے۔ سنگیوٹ میں بھی متعدد خاندان متاثر ہوئے ہیں اور بے گھر کنبے شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ متاثرین کو فوری رہائش اور دیگر بنیادی سہولیات کی سخت ضرورت ہے۔محمد اعجاز اسد نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کر کے ان کے مسائل سنے اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ بے گھر ہونا کسی بھی خاندان کے لئے بہت بڑا صدمہ ہے لیکن حکومت ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ان کی بازآبادکاری اولین ترجیح ہے۔انہوں نے موقع پر اعلان کیا کہ متاثرین کے لئے حکومت کی جانب سے ایک خصوصی رہائشی پروجیکٹ مرکز کو بھیجا گیا تھا، جو فوری طور پر منظور ہوگیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت بے گھر کنبوں کے لئے نئے مکانات تعمیر کئے جائیں گے اور زمین بھی حکومت فراہم کرے گی تاکہ متاثرہ خاندانوں کو مستقل چھت میسر ہو۔بعد ازاں سیکریٹری موصوف سنگیوٹ پہنچے، جہاں مقامی افراد نے ان سے اپنے مسائل شیئر کئے اور ان کی بروقت موجودگی و اقدامات پر شکریہ ادا کیا۔ عوامی نمائندوں نے اس دورے کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کے فوری اقدام سے متاثرہ خاندانوں کو نہ صرف ریلیف ملا ہے بلکہ عوام کا اعتماد بھی بحال ہوا ہے۔