یواین آئی
جنوبی ڈکوٹا// امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ساؤتھ ڈکوٹا میں امریکہ کے 250 ویں یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ’سیو امریکہ ایکٹ‘ پاس ہو گیا تو 100 سال تک انتخابات میں ریپبلکنز ہار نہیں سکیں گے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا آزادی کے 250 سال مکمل ہونے پر میں قوم کو مبارک باد دیتا ہوں، امریکہ آج دنیا کا سب سے طاقت ور اور ترقی یافتہ ملک ہے، ہم کبھی اور کسی صورت ناکام نہیں ہوں گے، تاریخ میں کسی قوم نے اتنی عظیم کامیابی کا جشن نہیں منایا جتنا امریکہ منا رہا ہے۔امریکی ریپبلکن صدر نے کہا کہ سیو امریکہ ایکٹ اگر پاس ہو گیا تو اگلے سو سال تک انتخابات میں ریپبلکنز ہار نہیں سکیں گے، انھوں نے کہا کہ مڈ ٹرم الیکشن بھی ہم جیتیں گے اگر خود ہارنا نہ چاہیں۔ صدر ٹرمپ نے کہا 250 سال مکمل ہونے پر امریکہ دنیا کی قدیم ترین اور سب سے زیادہ آزاد جمہوریہ ہے، ہمارے پاس دنیا کا سب سے منصفانہ، پائیدار آئین اور مضبوط ترین ملک موجود ہے، خدا کے فضل سے امریکہ انسانی تاریخ کی سب سے زیادہ کامیاب اور غیر معمولی قوم ہے۔ٹرمپ نے کہا امریکہ کبھی کسی کے سامنے نہیں جھکا، اور ہمیشہ امن کا خواہاں رہا ہے، اور ہمیشہ مشکل وقت میں اپنے ہمسایوں کی مدد کی ہے، امریکہ امن پسند ہے لیکن کسی خطرے کو برداشت نہیں کرے گا، ہم نے وینزوئیلا کو ایک دن میں شکست دی اور ایران کو طاقت ور ترین حملے سے مکمل ناکامی سے دوچار کیا۔