سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر نے آفیسران کی ایک میٹنگ میں سینٹرل یونیورسٹی کشمیر کے ترقیاتی کام کاجائزہ لیا جو کہ گاندربل میں تعمیر کی جارہی ہے۔میٹنگ میں وائس چانسلر سی یو کے ،رجسٹرار سی یو کے اور اے ڈی سی گاندربل کے علاوہ دیگر آفیسران بھی موجود تھے۔اس موقعہ پر صوبائی کمشنر کو بتایا گیا کہ کیمپس میں کام اطمینان بخش طریقے پر ہورہا ہے اوریونیورسٹی حکام کو 31مارچ تک پرفیب ڈھانچے سونپے جائیں گے۔انہوں نے این بی سی سی کو ایریا گریڈنگ اورمٹی کی بھرائی کا کام مقررہ وقت میں پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ہدایت دی۔وائس چانسلر نے بتایا کہ گاندربل میں پرانے فیزیکل کالج کی عمارت کو پہلے ہی سی یو کے کو سونپا گیا ہے جہاں اس وقت کام کاج جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ کیمپس میں کئی عمارتوں کی تعمیر کا کام سی یو کے کی انجینئرینگ ونگ کی طرف سے جاری ہے اور امید ہے کہ یہ کام مقررہ وقت میں مکمل ہوںگے ۔صوبائی کمشنر نے ترقیاتی کمشنر گاندربل کو تعمیراتی کام کی نگرانی کرنے اورہفتہ وار بنیادوںپر رپورٹ دینے کی ہدایت دی۔صوبائی کمشنر نے محکمہ مال کے حکام کو ان کنبوں کی فہرست فراہم کرنے کو جن کی اراضی سی یو کے تعمیر کے لئے حاصل کی گئی ہے تاکہ ان کنبوں میں سے ایک فرد کو روزگار فراہم کرنے کے سلسلے میں حتمی فیصلہ لیاجاسکے۔