سرینگر//لشکر کمانڈر نوید کے صدر اسپتال سے فرار ہونے کے بعد ڈائریکٹر جنرل جیل خانہ جات دلباغ سنگھ نے پہلی بار سینٹرل جیل سرینگر کا دورہ کر کے سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔ دلباغ سنگھ نے کہا کہ سیکورٹی اقدمات کو بڑھانے کی ضرورت ہے،اور اس سلسلے میں کارروائی بہت جلد عمل میں لائی جائے گی۔سینٹرل جیل میں نظر بند اور صدر اسپتال سرینگر سے6فروری کو لشکر کمانڈر ابو حنظلہ کے فرار ہونے اور پولیس کے سی آئی ڈی شعبے کی طرف سے رپورٹ کے بعد دلباغ سنگھ نے ریاستی جیلوں کا دورہ اور وہاں پر تعینات سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق اعلیٰ پویس وفورسزافسروں کے ہمراہ یہاں پہنچنے کے بعدڈی جی پی جیل خانہ جات نے سینٹرل جیل سری نگرکے اندردستیاب مختلف طرزکی سہولیات اوریہاں بنیادی ڈھانچے کے بارے میں جانکاری لی ۔انہوں نے جیل کے اندراورباہردستیاب کھلی جگہ کابھی جائزہ لیا۔انہوں نے پولیس وفورسزحکام کوہدایت دی کہ اس جیل کی حساسیت کوملحوظ نظررکھتے ہوئے یہاں سیکورٹی اقدامات کوپہلی ترجیح دی جائے ۔انہوں نے حکام سے کہاکہ یہ جیل شہرخاص کے بیچوں بیچ واقع ہے ،اوراس کے گردونواح میں آبادی والے کئی علاقے بھی ہیں ،اسلئے جیل کی حفاظت پرمعمورافسروں اوراہلکاروں کوہمہ وقت چوکنارہناچاہئے ۔انہوں نے کہا کہ سینٹرل جیل میں بنیادی ڈھانچے کوبہتربنانے نیزاس حساس زندان کی سیکورٹی کومستحکم کرنے کیلئے کیاکچھ اقدامات اُٹھانے کی فوری اوراشدضرورت ہے ۔انہوں نے کہاکہ سینٹرل جیل کے اندراورگردونواح میں سیکورٹی کومزیدپختہ بنایاجائیگاتاہم ساتھ ہی انہوں نے جیل کی حفاظت اوریہاں بندپڑے قیدیوں کی نگرانی پرمامورحفاظتی اہلکاروں اورجیل کے افسروں کوہمہ وقت چوکنااورمتحرک رہنے کی ہدایت بھی دی ۔