سرینگر//گورنر این این ووہر انے ریاست میں کسی بھی سیلابی صورتحال سے نمٹنے اور متاثرین کوراحت پہنچانے کے لئے انتظامیہ کی جانب سے کی گئی تیاریوں کا جائزہ لیا۔چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم نے گورنر کو اس سلسلے میں ڈیزاسٹر منیجمنٹ، ریلیف ، باز آبادکاری اور تعمیر نو محکمہ جانب سے حال ہی میں کئے گئے اقدامات کی تفصیلات دیں۔گورنر کو بتایا گیا کہ 28؍جون سے 7؍جولائی 2018ء تک پید اہوئی سیلابی صورتحال کے دوران رام منشی باغ میں سینٹرل فلڈ کنٹرول قائم کیا گیاجبکہ سنگم ، رام منشی باغ ، کھڈونی ، بٹہ کوٹ اور وچی میں پانی کی سطح ریکارڈ کرنے کے لئے خود کار آلات نصب کئے گئے۔اس کے علاوہ آبپاشی و فلڈ کنٹرول محکمہ نے سیمنٹ کی 12.60 لاکھ تھیلیاں دستیاب رکھیں ہیںتاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے موثر طور نمٹاجاسکے ۔گورنر کو مزید بتایا گیا کہ محکمہ نے گوگو ہمہمامہ میں ایک ای او سی مرکز قائم کیا ہے اور یہاں دیگر سہولیات کے علاوہ 260خیمے نصب کئے گئے ہیں۔سرینگر ضلع میں 40ریلیف کیمپ قائم کرنے کے علاوہ 7نوڈل افسروں اور ایس ڈی آر ایف کے 7 ٹیموں کے ساتھ ساتھ این ٹی ڈی آرایف کی دو ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ مرکز پر 14 موٹر بوٹ ، ہوم گارڈ اور سول ڈیفنس کے 100اہلکار وں کے علاوہ 2,500 پولیس اہلکار اور3,000 سی آر پی ایف اہلکاروں کو تیاری کی حالت میں رکھا گیا ہے۔کسی بھی سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے 22ممبران پر مشتمل ایک سینٹرل فلڈ کمیٹی ، 20ممبران پر مشتمل 11ڈسٹرکٹ کوآڈینیشن کمیٹیاں اور 14ڈسٹرکٹ فلڈ زونل کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔ایس ڈی آر ایف کے تحت 523اہلکاروں کو216مراکز کے لئے 46 موٹر بوٹس ، 25 فائبر موٹر بوٹس، 12 روونگ بوٹس ، 34 لائف بوائز اور 128 جیکٹوں کے ساتھ تعینات کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ایس ڈی آر ایف 2.50کروڑ روپے کی رقم سے 250سیٹلائٹ فون حاصل کر رہا ہے۔اسی دوران 1.50کرو ڑ روپے مالیت کے 50 رافٹ بوٹس ، 2کروڑ روپے مالیت کے 108خیمے اور 7کروڑ روپے مالیت کا دیگر امدادی سامان بھی حاصل کیا جارہا ہے۔اس کے علاوہ فیلڈ میں اہلکاروں کے کام کاج کو مؤثر بنانے کے لئے 70.50لاکھ روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔گورنر کو یہ بھی بتایا گیا کہ ڈیزاسٹر منیجمنٹ محکمہ نے بڈگام ، سرینگر اور پلوامہ اضلاع میں3 ای او سیز مراکز پہلے ہی قائم کئے ہیں اور باقی اضلا ع میں یہ سہولیات 15؍اگست 2018ء تک قائم کی جائیں گی اور ہر مرکز کے قیام پر 15لاکھ روپے کی لاگت آنے کا اندازہ ہے اور ریاستی سطح کے 2 ای او سیز گو گو ہمہامہ ،سرینگر اور گاندھی نگر جموں میں 75لاکھ روپے کی لاگت سے قائم کئے جائیں گے۔دریا کے باندھوں کو اُونچاکرنے اور مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے گورنر کو بتایا گیا کہ دریا ئے جہلم پر ایسے 113 مقامات کی نشاند ہی کی گئی ہے ، معاون ندیوں کے 140مقاما ت کو عارضی طور بحال کرکے مضبوط کیا گیا ہے ۔اکھنور اور پرگ وال کے مقامات پر بھی حساس علاقوں میں باندھوں کی مرمت کی گئی ہے ۔چیف سیکرٹری نے مزید کہا کہ 1.75 لاکھ تھیلوں کو ریت سے بھر کر تیاروں کی حالت میں رکھا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ ضلع اور صوبائی سطح پر 81 مستقل ری واٹرنگ سٹیشن اور 119 موبائل پمپ یونٹ دستیاب رکھے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر صوبے میں مزید 4 پمپنگ یونٹوں کی ضرورت ہے جن کو عنقریب حاصل کیا جائے گا۔تبادلہ خیال کے بعد گورنر نے چیف سیکرٹری کو ان تیاریوں کے لئے مبارک باد دیتے ہوئے ہدایت دی کہ آبپاشی و فلڈ کنٹرول اور ڈیزاسٹر منیجمنٹ محکموں کے سیکرٹریوں کو کوئی بھی خامی دُور کرنے کے لئے فور ی اقدامات کرنی چاہئیں۔چیف سیکرٹری نے گورنر کو بتایا کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے صوبائی کمشنروں اور ضلع ترقیاتی کمشنروں کے حد ِاختیار میں مناسب رقم دستیاب رکھی گئی ہے۔