عظمیٰ نیوز سروس
پلوامہ//پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے رکن اسمبلی وحید الرحمان پرہ نے جموں کشمیر کے وزیر اعلیٰ اور اسمبلی سپیکر عبد الرحمان راتھر سے منتخب ایم ایل اے معراج ملک پر عائد پبلک سیفٹی ایکٹ کی مذمت کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا’’ اگر وزیر اعلیٰ یا اسپیکر پی ایس اے کو روک نہیں سکتے تو کم از کم مذمت تو کر ہی سکتے ہیں‘‘۔پی ڈی پی لیڈر وحید پرہ کا یہ بیان اسمبلی اسپیکر کی جانب سے انہیں پی ایس اے اور یو ٹی اسمبلی کے حوالہ سے دیے گئے ریمارکس کے پس منظر میں سامنے آیا ہے۔ ہفتہ کی شام میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات چیت کے دوران پرہ نے ممبر اسمبلی معراج ملک پر عائد پبلک سیفٹی ایکٹ کو بدقسمتی قرار دیتے ہوئے کہا’’ہم نے اسی مقصد کیلئے انتخابات میں حصہ لیا تھا تاکہ سب مل کر اس کالے قانون کو ختم کریں، لیکن افسوس کی بات ہے کہ ہم اس پر بات تک نہیں کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سپیکرنے نوٹیفکیشن کے ذریعے اعلان کیا کہ ایک ممبر اسمبلی معراج ملک پر پبلک سیفٹی ایکٹ عائد کیا گیا ہے۔ تاہم پرہ کے مطابق اسپیکر کو چاہئے تھا کہ ایک اور نوٹیفکیشن جاری کر کے اس کی مذمت کرتے، مگر انہوں نے ایسا نہیں کیا۔