ساؤتھمپٹن/آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر گلین میکسویل نے کہا ہے کہ انگلینڈ ٹیم کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شکست دیکر تین میچوں کی سیریز کا فاتحانہ آغاز کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ مارچ کے بعد ٹیم کوئی میچ نہیں کھیلی تاہم انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل ٹیم نے بھرپور تیاریاں کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم نے میزبان ٹیم کے خلاف ابتدائی میچ کے لئے حکمت عملی تیار کر رکھی ہے ۔میکسویل نے کہا کہ وہ انگلینڈ کے خلاف تین میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کریں گے ۔ اپنے ایک بیان میں میکسویل نے کہا کہ وہ مکمل طور پر فٹ اور بھرپور فارم میں ہیں اور انگلش ٹیم کے خلاف سیریز کے ابتدائی میچ میں شرکت کیلئے بے تاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیریز میں کامیابی کے لئے کسی ایک کھلاڑی پر فوکس کرنے کی بجائے پوری ٹیم کو سو فیصد کارکردگی دکھانا ہوگی۔ واضح رہے کہ انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ جمعہ کو ساؤتھمپٹن کے مقام پر شیڈول ہے ۔دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ ڈے نائٹ ہوگا۔ انگلینڈ کے ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کی قیادت ایون مورگن کریں گے ۔جبکہ آسٹریلوی ٹیم آرون فنچ کی قیادت میں میدان میں اترے گی۔یو این آئی