مشتاق الاسلام
پلوامہ//جموں و کشمیر فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل پروسیسنگ اینڈ انٹی گریٹڈ کولڈ چین ایسوسی ایشن(جے کے پی آئی سی سی اے)نے موجودہ سیب سیزن کے دوران قومی شاہراہ کی مسلسل بندش سے پیدا شدہ بحرانی صورتحال پر توجہ دینے اور قابلِ عمل حل پیش کرنے پر وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا شکریہ ادا کیا۔ ایسوسی ایشن کے صدر بشیر احمد نائک کا کہنا ہے کہ حکومت جموں و کشمیر کی جانب سے کشمیر سے جموں اور دہلی کیلئے سیب کی ترسیل کو یقینی بنانے کے لیے ریلوے کے خصوصی کوچز مختص کرنا ایک انقلابی اور تاریخی فیصلہ ہے۔ اس اقدام سے وادی کے پھلوں کی صنعت کو ایک نئی جہت ملے گی۔ یہ اقدام جے کے پی آئی سی سی اے کے ان مطالبات میں شامل تھا، جو ایسوسی ایشن نے حالیہ ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ کے سامنے پیش کیے تھے۔ جے کے پی آئی سی سی اے کے نائب صدر محمد عارف میر نے کہا کہ یہ اقدام ان ہزاروں پھل کاشتکاروں اور تاجروں کیلئے ایک نئی امید ہے جو شاہراہ بندش کے باعث شدید مالی بحران سے دوچار تھے۔ وزیر اعلیٰ کی فوری کارروائی ان کی عوام دوست قیادت اور کشمیر کی زرعی معیشت سے جڑے عزم کا مظہر ہے۔ایسوسی ایشن نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ریلوے کوچز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے تاکہ وادی کے سیب بروقت ملک کی بڑی منڈیوں تک پہنچ سکیں۔