عاصف بٹ
کشتواڑ //رواں برس جموں کشمیر میں برفباری نہ ہونے باوجود بھی کئی ایک سیاحتی مقامات پرسیاحوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے کو مل رہاہے ۔جموں و کشمیر کے مشہور سیاحتی مقامات گلمرگ و سو نہ مرگ وغیرہ میں جہاں رواں برس موسم سرما میں ابھی تک برفباری نہیں ہوئی ہے وہیں سردیوں میں ہمیشہ بند رہنے والی سنتھن شاہراہ ٹریفک کیلئے بحال اور سنتھن ٹاپ ان دنوں میں سیاحوں کی توجہ کا مرکزبناہوا ہے ۔روزانہ سینکڑوں کی تعداد میں سیاح مذکورہ سیاحتی مقام کا رخ کر کے برف سے لطف اندوز ہو تے ہیں ۔ سطح سمندر سے بارہ ہزار فٹ کی بلندی پر واقع سنتھن ٹاپ پر اس وقت قریب ایک فٹ سے زائد برف جمع ہے اور سیاح اس مقام کا رخ کررہے ہیں۔ دہلی سے آئی سیاح دیپی نے بتایا کہ وہ برف کی تلاش میں پہلے گلمرگ اور سونامرگ گئے لیکن بعد میں ان کو کسی نے سنتھن کے بارے میں بتایا اوروہ اس سیاحتی مقام پر آئے ۔انہوں نے بتایا کہ اس مقام کے بارے میں انہوں نے دیگر سیاحوں کو بھی جانکاری فراہم کی ہے تاکہ وہ بھی آکر برف کا نظارہ کر سکیں ۔بنگلورو سے آے ایک اور سیاح نے بتایا کہ’’ ہمیں سنتھن آکر بہت اچھا لگا اور ہم دیگر لوگوں کو بھی یہاں آنے کہ دعوت دیتے ہیں ‘‘۔ مقامی سیاح عدنان نے بتایا کہ سنتھن بھی خوبصورت جگہ ہے لیکن یہاں سیاح کم آتے تھے اور سنتھن ٹاپ برفباری کے بعد بند ہوجاتاتھا لیکن امسال یہ سڑک ہنوز آمدرفت کیلئے کھلی ہوئی ہے۔ سنتھن پر اس وقت سنو بوٹ سنو سکائی و دیگر طرح کی سرگرمیاں ہورہی ہیں اور سیاح لطف اندوز ہورہے ہیں۔ واضح رہے کہ انتظامیہ نے سنتھن سڑک پر گاڑیوں کی اوجاہی کیلئے وقت مقرر کیا ہوا ہے اور دوپہر کے بعد کسی بھی گاڑی کو سڑک پر چلنے کی اجازت نہیں ہئ۔ایس ڈی ایم چھاترو شوکت حیات نے کشمیر عظمیٰ کو بتایاکہ اننت ناگ کی طرف سے سیاحوں کی بڑی تعداد سنتھن ٹاپ آرہی ہے جبکہ کشتواڑ کی جانب سے مقامی سیاح ہی جاتے ہیں سنتھن پر صبح دس سے دوپہر ڈھائی بجے تک ہی گاڑیوں کو چلنے کی اجازت ہے۔ انھوں نے کہا کہ اسوقت قریب 1 فٹ برف جمع ہے۔
سیاحتی مقامات پر موسم سرما میں برفباری نہ ہونے کا شاخسانہ | سنتھن ٹاپ سیاحوں کی توجہ کا مرکز