سری نگر//سیکرٹری سیاحت و ثقافت سرمد حفیظ نے یہاں اعلیٰ سطحی اَفسران کی ایک میٹنگ میں جموں و کشمیر میں محکمہ سیاحت کے مختلف یونٹوں اورشراکت داروںکو کووِڈ ویکسین لگوانے کی مہم کی رفتار کا جائزہ لیا۔دورانِ میٹنگ سیکرٹری سیاحت نے آنے والے وقتوں میں حفاظتی ٹیکوں کے لئے مختلف سیاحتی مقامات پر تمام عملے اورشراکت داروں کی لائن لسٹنگ کرنے کے لئے کہا۔ اُنہوں نے ٹوراِزم ڈیولپمنٹ اَٹھارٹیوں اور ڈائریکٹوریٹ ٹوراِزم کشمیر کے سی ای اوز سے کہا کہ وہ اِس ضمن میں زیادہ سے زیادہ نتائج حاصل کرنے کے لئے مربوط انداز میں کام کریں۔سیکرٹری سیاحت کو جانکاری دی گئی کہ ڈائریکٹوریٹ ٹوراِزم سری نگر ،ٹی آر سی سری نگر اور جموں اور ایس کے آئی سی سی کے اَفسران نے ویکسین کا پہلا ٹیکہ لگوایا ہے۔انہیں مزید جانکاری دی گئی کہ سیاحتی شراکت داروں جیسے ہاؤس بوٹ مالکان ، ہوٹلیئرس، گیسٹ ہاؤس مالکان ، شکار والا ، ٹورسٹ گائیڈوںوغیرہ، ان کی نمائندہ آرگنائزیشنوں کے ذریعے لائن لسٹنگ کی جارہی ہے۔ سرمد حفیظ نے وَبائی مرض کے پیش نظر اوراس کے بعد کاروبار کرتے ہوئے کووِڈ وبائی مرض اورمتعدد ایس او پیز کی پیروی کرنے کے لئے شراکت داروں کے لئے صلاحیت سازی کے لئے ماڈیول وضع کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اِس ضمن میں اُنہوں نے محکمہ سیاحت سے کہا کہ مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کے لئے اِستعداد سازی میں کچھ قابل تعریف ایجنسیوں کے ساتھ معاہدہ کریں۔میٹنگ میں منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ٹی ڈی سی نثار احمد وانی ، ناظم سیاحت کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو، گالف اور متعدد ڈیولپمنٹ اَتھارٹیوںکے سی ای اوز کے علاوہ محکمہ سیاحت کے دیگر اَفسران نے شرکت کی۔