ممبئی// سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے جاری مہم کی ایک کڑی کے طور محکمہ سیاحت نے ممبئی میں آوٹ باونڈ ٹریول مارٹ ( او ٹی ایم ) ، جو یہاں شروع ہوا ،میں شرکت کی۔اس ٹریول مارٹ میں جموں ، کشمیراور لداخ سے تعلق رکھنے والے 100سے زائد ٹریول ایجنٹوں ، ہوٹل مالکان اور ہاوس بوٹ مالکان نے شرکت کی۔محکمہ سیاحت نے مارٹ میں شرکت کرنے والے تمام ایجنٹوں اور کمپنیوں کو لازمی سہولیات دستیاب رکھیں۔اس دوران دیگر کئی ٹریول کمپنیوں اور ہوٹل مالکان نے بھی ریاست کی سیاحت کو فروغ دینے کے لئے اپنے سٹال لگائے تھے۔اس سہ روزہ مارٹ میں ناظم سیاحت کشمیر نثار احمد وانی، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹورازم پبلسٹی ریاض احمد شاہ اور جوائنٹ ڈائریکٹر سیاحت جموں شوکت محمود نے شرکت کر کے مختلف ریاستوں اور ممالک کے سیاحتی نمائندوں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔او ٹی ایم ایشیا میں منعقد کئے جانے والا سب سے بڑا مارٹ ہے جہاں مختلف ممالک اور ریاستوں سے تعلق رکھنے والے سیاحت سے جڑے افراد کو آپسی تبادلہ خیال اور سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ کے لئے ایک پلیٹ فارم مہیا ہوتا ہے۔
ناظم سیاحت کشمیر نے کہا کہ ٹریول مارٹ کے پہلے دو دنوں کے دوران کئی افراد نے ریاست کی سیاحتی سرگرمیوں اور سیاحتی مقامات میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے بارے میں استفسار کیا۔اس ٹریول مارٹ میں قومی اور بین الاقوامی سطح کے ٹریول کمپنیوں نے اپنے سٹال لگائے تھے جس میں 20ہزار سے زائد لوگوں نے شرکت کی ۔محکمہ سیاحت نے کئی سیاحتی مقامات پر فلمائی گئی مختلف فلموں کی سکرین بھی کی جن میں سیاحتی مقامات کی خوبصورتی کی عکاسی کی گئی ہے۔اس ٹریول مارٹ میں شرکت کرنے والے بیشتر افراد نے جموں وکشمیر کے پیویلین پر آکر ریاست کے سیاحتی ڈھانچے کے بارے میں جانکاری طلب کی۔اس سے قبل محکمہ سیاحت نے کئی دلی میں منعقدہ ساوتھ ایشین ٹریول اینڈ ٹورازم ایگزبشن میں بھی حصہ لیا تھا۔محکمہ نے کشمیر ہوٹلز اینڈ ریسٹورنٹ اونرس کے اشتراک سے پونے میں ایک روڑ شو کا اہتمام کیا جس میں پونے کی 100سے زائد ٹریول کمپنیوں نے حصہ لیا۔محکمہ نے مستقبل کے لئے بھی کئی روڑ شوز اور اس طرح کے پروگراموں کے انعقاد کا منصوبہ ترتیب دیا ہے۔